مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 142 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 142

حضرت میاں محمد دین صاحب پٹواری ؓ حضرت میاں محمد دین رضی اللہ عنہ موضع حقیقہ پنڈی کھاریاں ضلع گجرات کے رہنے والے تھے۔آپ کی ولادت ۱۸۷۳ء میں ہوئی۔آپ کے والد صاحب کا نام میاں نور الدین صاحب تھا۔ایک روایت کے مطابق آپ شاہ پور کے علاقہ میں جھمٹ قبیلہ سے تعلق رکھتے تھے جہاں سے آپ کے بزرگ نقل مکانی کر کے کھاریاں کے علاقے میں آ گئے تھے۔آپ ابتداء سے پٹواری تھے۔۱۸۸۹ء میں تقرری موضع بلانی میں ہوئی۔بعد میں ترقی پا کر گرداور ، قانونگو اور واصل باقی نویس بنے۔آپ ۱۹۲۹ء میں ریٹائر ہوئے۔۱۸۹۳ء میں حضرت منشی جلال الدین صاحب بلانویؓ کے بیٹے مرزا محمد قیم صاحب نے آپ کو حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کی کتاب براہین احمدیہ پڑھنے کو دی۔جس نے آپ کی کایا پلٹ دی۔حضرت منشی جلال الدین بلانویؓ جب سیالکوٹ سے تشریف لائے تو ان سے پتہ پوچھ کر بیعت کا خط لکھ دیا اور ۵؍جون ۱۸۹۵ء کو حضرت اقدس ؑ سے دستی بیعت کی۔آپ نے ریٹائر ہونے کے بعد قادیان میں سکونت اختیار کی۔سندھ کی زرعی زمینوں کے نگران رہے۔تقسیم ملک کے بعد قادیان میں درویش کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔(۱۹۳۰ء میں آپ نے خدمت ِ دین کے لئے وقف ِ زندگی کی تھی۔) حضرت اقدس ؑ نے کتاب البریہ میں اپنی پرُامن جماعت کے ضمن میں آپ کا ذکر فرمایا ہے۔قادیان میں یکم نومبر ۱۹۵۱ء کو وفات پائی اور بہشتی مقبرہ قادیان میں تدفین ہوئی۔آپ کا وصیت نمبر ۱۸۵ ہے۔۲۳؍اکتوبر ۱۹۰۶ء کو آپ نظام وصیت میں شامل ہوئے۔٭ ٭ تین سو تیرہ اصحاب صدق و صفا صفحہ ۲۲ ، ۲۳