مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 550 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 550

مکتوب نمبر۶ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی محبیّ عزیزی میاں شیخ غلام نبی صاحب سلّمہ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ کارڈ پہنچا۔آپ کو اپنے فرزند دلبند کی وفات سے بہت صدمہ ہوا ہو گا۔اللہ تعالیٰ آپ کو نعم البدل عطا فرماوے۔یہ خیال آپ دل میں نہ لاویں کہ اس لڑکے کی پیدائش تو بطور معجزہ تھی پھر وہ کیوں فوت ہو گیا کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔مَا نَنْسَخْ مِنْ ٰایَۃٍ اَوْ نُنْسِھَا نَأْتِ بِخَیْرٍ مِّنْھَا اَوْ مِثْلِھَا۔اَلَمْ تَعْلَمْ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْ ئٍ قَدِیْرٌ ۱؎۔یعنی اگر کوئی نشان اور معجزہ ہم دور کر دیتے ہیں تو اس سے بہتر اور نشان ظاہر کرتے ہیں اور اولاد کے بارے میں یہ بھی فرمایا ہے۔اِنَّمَا اَمْوَالُـکُمْ وَ اَوْلَادُکُمْ فِتْنَۃٌ ۲؎ یعنی تمہارے مال اور تمہاری اولاد تمہارے لئے فتنہ ہے یعنی آزمائش کی جگہ ہے۔خدا تعالیٰ دیکھتا ہے کہ تم میں سے کون قائم رہتا ہے اور کون ٹھوکر کھاتا ہے۔بالخصوص جبکہ آپ کی عمر ہنوز بہت تھوڑی ہے اور مرد کو نوّے برس کی عمر میں بھی اولاد ہو سکتی ہے اس لئے میں لکھتا ہوں کہ آپ اب کی دفعہ تو ثواب حاصل کرلو اور اس آیت کی رو سے موعود رحمت میں حصہ لے لو۔جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔وَلَنَبْلُوَنَّکُمْ بِشَیْئٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَ الْجُوْعِ وَ نَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَ الْاَنْفُسِ وَ الثَّمَرَاتِ وَ بَشِّرِ الصَّابِرِیْنَ الَّذِیْنَ اِذَا اَصَابَتْھُمْ مُّصِیْبَۃٌ قَالُوْا اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۳؎۔سو ہرگز خوف نہ کرو اور خدا کے دوسرے معجزہ کے منتظر رہو۔والسلام ۱۷؍اکتوبر ۱۹۰۲ء خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ۱؎ البقرۃ : ۱۰۷ ۲؎ التغابن : ۱۶ ۳؎ البقرۃ : ۱۵۶