مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 485
ذیل میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک مکتوب گرامی شائع کیا جاتا ہے جو حضور علیہ السلام نے عرصہ ہوا قاضی عبد المجید صاحب مرحوم سالٹ انسپکٹر کے نام رقم فرمایا تھا۔اس کا اصل قاضی صاحب مرحوم کے لڑکے قاضی عبد الوحید صاحب کے پاس محفوظ ہے۔خاکسار ملک فضل حسین کارکن صیغہ تالیف تصنیف مکتوب بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ بعد ہذا آپ کا خط پہنچا۔خدا تعالیٰ آفات دین و دنیا سے محفوظ رکھے آمین۔ہر ایک امر خدا تعالیٰ کی توفیق پر موقوف ہے۔جس کسی شخص پر خدا تعالیٰ کا فضل ہوتا ہے۔تو اس کی یہ علامت نہیں ہے کہ وہ بہت دولت مند ہو جاتا ہے۔یا دنیوی زندگی اس کی بہت آرام سے گزرتی ہے۔بلکہ اس کی یہ علامت ہے کہ اس کا دل خدا تعالیٰ کی طرف کھینچا جاتا ہے اور وہ خدا سے فعل اور قول کے وقت ڈرتا ہے اور سچی تقویٰ اس کے نصیب ہو جاتی ہے۔خدا تعالیٰ ہم سب کو اپنی مرضی کی راہوں پر چلاوے اور دنیا و آخرت کے عذاب سے بچاوے۔آمین۔باقی سب خیریت ہے۔٭ والسلام مرزا غلام احمد ٭ الفضل نمبر۱۷۱ جلد۳۱ مورخہ ۲۲؍جولائی ۱۹۴۳ء صفحہ ۳