مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 440
مالک کو خوش کر لیں اگر وہ خوش ہو گیا تو پھر کوئی غم نہیں بلکہ خوشی ہی خوشی ہے۔میرے خیال میں بہتر ہو گا کہ اب آپ تین ماہ کی رخصت حاصل کر کے وطن کو آجاویں۔آپ کو گئے ہوئے بھی بہت عرصہ ہو گیا ہے۔خدا آپ کو صبر جمیل عطا فرماوے۔آمین۔۲۹؍جنوری ۰۸ء آپ کا خادم محمد صادق عفی اللہ عنہ قادیان اس خط کو لکھ کر میں نے حضرت اقدس کی خدمت میں پیش کیا کہ حضور اپنے دست مبارک سے بھی چند سطریں لکھ دیں۔تاکہ بابو صاحب کے مرُدہ دل کے واسطے موجب ِ زندگی ہوں۔جس پر حضور نے مفصلہ ذیل چند سطور ارقام فرمائیں۔مکتوب السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔سنت اللہ اسی طرح سے جاری ہے کہ جب کسی پر مصیبت نازل کرتا ہے تو بعد میں اس کے لئے کوئی آرام اور خوشی کا بھی سامان کر دیتا ہے سو مناسب ہے کہ پوری استقامت کے ساتھ خدا تعالیٰ پر توکل کریں۔خدا تعالیٰ اور اولاد دے دے گا۔ان مصیبتوں سے دنیا میں کوئی خالی نہیں۔آخر ہرایک شخص صبر ہی کرتا ہے لیکن صبر وہی خدا تعالیٰ کے نزدیک قبول ہوتا اور قابل اجر ہوتا ہے جو تازہ مصیبت کے وقت کیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔مبارک وہ لوگ کہ جو اس کی قضا ء و قدر کی تلخی پر صبر کرتے ہیں۔٭ والسلام میرزاغلام احمد ٭ بدر نمبر۵ جلد۷ مورخہ ۶؍فروری ۱۹۰۸ء صفحہ ۷