مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 225
مکتوب نمبر۷۵ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبیّ عزیزی اخویم ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلمہ‘ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ تین شیشی عطر اور ایک سکّہ طلائی قیمتی روپیہ معہ خط کے جو سب پارسل کے اندر تھے مجھ کو مل گئے۔خدا تعالیٰ آپ کو بہت بہت جزائے خیر دے۔آمین۔اور امید کہ آپ کا امتحان شروع ہوگیا ہوگا۔اللہ تعالیٰ اس میں کامیاب فرماوے۔آمین ثم آمین۔بعد کامیابی امتحان ( خدا آپ کو کامیاب کرے) مناسب بلکہ ضروری ہے کہ آپ کچھ رخصت لے کر قادیان میں رہیں کیونکہ آپ کو قادیان میں رہنے کا بہت کم اتفاق ہوا ہے بلکہ اگر کسی وقت ممکن ہو تو دو تین ہفتہ کی رخصت لے کر مع اپنے گھر کے لوگوں کے قادیان میں اس مدت تک رہیں تا جیسا کہ اور دوستوں کے اہل خانہ بیعت کرتے ہیں آپ کے گھر کے لوگ بھی بیعت کر جائیں۔انشاء اللہ آپ کے امتحان کے لئے دعا کرتا رہوں گا۔اللہ تعالیٰ کامیاب فرماوے۔آمین ثم آمین۔خاکسار ۵؍جون ۱۹۰۰ء مرزا غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر۷۶ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی محبیّ عزیزی اخویم ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کل کی ڈاک میں مبلغ دہ روپیہ مرسلہ آں عزیز مجھ کو پہنچ گئے جَزَاکُمُ اللّٰہُ خَیْرَالْجَزَائِ۔باقی ہر طرح سے خیریت ہے۔والسلام ۷ ؍جولائی ۱۹۰۰ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ از قادیان