مکتوبات احمد (جلد سوم) — Page 46
مکتوبات احمد ۴۶ جلد سوم احباب کپورتھلہ کے نام تعارفی نوٹ جماعت کپورتھلہ کے وہ بزرگ ( جو جماعت مذکور کے بانیوں میں سے تھے اور جنہوں نے اپنے عشق و وفا کا وہ عملی ثبوت دیا کہ خدا کے برگزیدہ مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام نے انہیں جنت میں اپنے ساتھ ہونے کا وعدہ دیا۔گویا یہ وہ لوگ تھے جو عشرہ مبشرہ کے نمونہ کے لوگ تھے ) ان کا تذکرہ تو سیرۃ صحابہ میں انشاء اللہ ہوگا اور کسی قدر ہر ایک بزرگ کے متعلق الحکم میں مختلف اوقات میں لکھا بھی گیا ہے۔یہاں صرف ان مکتوبات کا اندراج مقصود ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنے ان مخلصین وصادقین کو لکھے۔میری تحقیقات میں کپورتھلہ کی جماعت کے آدم حضرت منشی ظفر احمد صاحب رضی اللہ عنہ تھے اور ان کے اخلاص اور عملی زندگی نے دوسروں کو شیدائے مسیح موعود کر دیا اور پھر یہ کہنا مشکل ہو گیا کہ کون پہلے ہے اور کون پیچھے۔ہر ایک اپنے اپنے رنگ میں بے نظیر اور واجب التقلید تھا۔اللہ تعالیٰ ان سب پر اپنے رحم و کرم کے بادل برسائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقامات دے اور ہمیں ان کی عملی زندگی کی توفیق۔جماعت کپورتھلہ کے مخلصین کے نام مکتوبات بہت کم ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ عشق و محبت کے یہ پروانے ذرا فرصت پاتے تو قادیان پہنچ جاتے اور خط و کتابت کی نوبت ہی نہ آتی۔جہاں حضرت جاتے یہ ساتھ جاتے۔تاہم جو تبرکات ان سے حاصل ہوئے وہ درج ذیل ہیں۔(عرفانی کبیر)