مکتوبات احمد (جلد سوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 146 of 558

مکتوبات احمد (جلد سوم) — Page 146

مکتوبات احمد ۱۳۸ جلد سوم زندگی ہر قسم کی تلخیوں سے بھری ہوئی ہے مگر جو شخص سچی توبہ کرتا ہے اور مکر اور فریب کی تمام شاخیں اپنے اندر سے باہر نکال دیتا ہے خدا کی رحمت کا اس پر سایہ ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ آگ میں سے اس کو نکال لیتا ہے۔بجز خدا کے کوئی کسی کا ساتھی نہیں۔جو خدا کی طرف آتے ہیں وہ اس کی رحمتوں کے امیدوار ہو جاتے ہیں۔اس کی دلوں پر نظر ہے نہ زبانوں پر۔ہمیں آپ کے فرزند کی وفات کی خبر پڑھ کر بہت صدمہ ہوا ہے۔خدا تعالیٰ اس کا بدل عطا کرے۔آمین۔گھر میں بیوی اور ان کی والدہ بھی یہ خبر سن کر نہایت غمگین ہوئیں اور ان کو بہت صدمہ پہنچا اور روتی رہیں مگر قضاء وقد ر الہی سے کیا چارہ ہے۔ہمارا تو یہی تجربہ ہے کہ کچھ اپنا ہی گناہ ہوتا ہے جب فوق الطاقت قہر الہی نازل ہو جاتا ہے ور نہ وہ تو بڑا کریم ورحیم ہے۔اس کی رحمتیں بے انتہاء ہیں۔وہ جو اس کی طرف سچے دل سے جھکتے ہیں وہ فوق الطاقت صدموں سے انہیں بچا لیتا ہے۔والسلام ۱۳ اگست ۱۹۰۷ء خاکسار غلام احمد از قادیان