مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 635
اخویم سید عبدالہادی صاحب کو بھی اس سے اطلاع دے دیں۔اب کی دفعہ مخالفوں کی طرف سے نہایت سخت حملہ ہے اب صحابہ رضی اللہ عنہم کی سنت پر دیندار اور مخلص دوستوں کو مالی مدد سے جلد اپنا صدق دکھلانا چاہئے۔آپ کی طرف سے اسّی روپیہ عین وقت پر پہنچ گئے۔وہ آپ کے چندہ میں داخل ہیں۔اب انبالہ میں بابو محمد صاحب اورسید عبدالہادی باقی ہیں۔اگر ملاقات ہو تو بجنسہٖ یہ خط ان کے پاس بھیج دیں اور تاکید کر دیں کہ ۲۷؍ جنوری ۱۸۹۹ء سے پہلے ہر ایک مالی امداد پہنچنی چاہئے تاکہ وکیلوں کو دینے کے لئے کام آوے۔چند پیشیاں محض شیخ رحمت اللہ صاحب کے مال سے ہوئی ہیں۔معلوم ہوتا ہے۔انہوںنے تین وکیلوںکے مقرر کرنے میںایک ہزار روپیہ کے قریب خرچ کردیاہے۔جواب تک پیشیوں میں دیتے رہے ہیں۔، خدا تعالیٰ ان کوجزائے خیر دے۔اب کی پیشی میں چار ہزار روپیہ ضمانت کے لئے لائے تھے۔والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ مجھے فرصت نہیں ہوئی کہ بابو صاحب کی طرف علیحدہ خط لکھوں۔یہ آپ کے ذمہ ہو گا کہ دونوں صاحبوں کو پیغام پہنچا دیں اورخط دکھلا دیں۔