مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 57
تقویت معدہ کیلئے فائدہ مند ہے۔مدت سے میرے استعمال میں ہے اگر آپ اس کو استعمال کرنا قرینِ مصلحت سمجھیں تو میں کسی قدر جو میرے پاس ہے بھیج دوں۔چھ سَو روپے کیلئے جو آں مخدوم نے لکھا ہے اس کی ضرورت تو بہرحال درپیش ہے مگر بالفعل اپنے پاس ہی بطور امانت رکھیں اور مناسب ہے کہ وہ آپ کے مصارف سے الگ پڑا رہے تا جس وقت مجھے ضرورت پڑے، بلاتوقف آپ بھیج سکیں۔مگر ابھی نہ بھیجیں جس وقت مطالبہ کیلئے میرا خط پہنچے اس وقت ارسال فرماویں۔لیکھرام کی کتاب کے متعلق اگر جلد مسودہ تیار ہو جاوے تو بہتر ہے۔لوگ بہت منتظر ہیں اور اگر آپ کی کتاب جو دہلی میں چھپتی ہے تمام و کمال چھپ چکی ہو تو ایک جِلد اس کی بھی عنایت فرماویں۔منشور محمدی میں جو آں مخدوم نے مضمون چھپوایا ہے وہ سب پرچے پہنچ گئے وہ مضمون نہایت ہی عمدہ ہے۔جزاکم اللہ خیراً۔خاکسار ۲۳؍ جنوری ۱۸۸۸ء غلام احمد از قادیان