مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 611 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 611

مکتوب نمبر ۲۳۰ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔مبلغ بیس روپے مرسلہ آنمکرم مجھ کو مل گئے۔جزاکم اللہ خیراً۔چونکہ اب عنقریب تعطیلیں آنے والی ہیں۔مجھ کو معلوم نہیں کہ آپ کو فرصت ملے گی یا نہیں۔بہت خوشی ہو گی اگر آپ کو تعطیلوں میں اس جگہ آنے کاموقع ملے۔خدا تعالیٰ آپ کو تردّدات سے نجات بخشے اور اپنی محبت میںترقی عطا فرماوے۔آمین۔والسلام ۷؍ دسمبر ۱۸۹۴ء خاکسار غلام احمد عفی اللہ عنہ مکتوب نمبر ۲۳۱ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔حضرت مولوی نورالدین صاحب معہ چند دیگر مہمانان تشریف لے آئے ہیں۔امید کہ آپ بھی ضرور جلد تشریف لے آویں اور آتے وقت کسی سے بطور عاریۃً دو قالین اور دو شطرنجی لے آویں کہ نہایت ضرورت ہے اور چار آنے کے پان لے آویں۔قالین اور شطرنجی والے سے کہہ دیں کہ صرف تین چار روز تک ان چیزوں کی ضرورت ہو گی اور پھر ساتھ واپس لے آویں گے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۱۹؍ دسمبر ۱۸۹۴ء خاکسار غلام احمد ا ز قادیان ضلع گورداسپور