مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 535
مکتوب نمبر ۱۱۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔موجب خوشی ہوا۔کئی دفعہ سندر داس کیلئے دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ اس پر رحم فرماوے۔مناسب ہے کہ آپ اپنی خیرو عافیت سے مطلع فرماتے رہو۔بشیر احمد بفضلہ تعالیٰ اب اچھا ہے۔والسلام ۲؍ جنوری ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد ا ز قادیان مکتوب نمبر ۱۱۷ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔ادراک خیروعافیت سے خوشی و تسلی ہوئی۔امید کہ ہمیشہ حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں۔اب سردی نکلنے والی ہے اور اب آپ کے لئے موسم بہت اچھا نکل آئے گا۔سندر داس کی طبیعت کا حال پھر آپ نے کچھ نہیں لکھا۔صرف اتنا معلو م ہو اتھا کہ اب بہ نسبت سابق کچھ آرام ہے۔اس کی طبیعت کے حال سے مفصل اطلاع بخشیں۔اس وقت کاغذی اخروٹ یعنی جوز کی ایک دوا بنانے کیلئے ضرورت ہے اور بقدر باراں اثار خام اخروٹ چاہئے۔مگر کاغذی چاہئے۔اس لئے تکلیف دیتا ہوں کہ اگر کاغذی اخروٹ اس جگہ سے مل سکیں اور یہ بندوبست بھی ہو سکے کہ پٹھان کوٹ سے بلٹی کرا کر اسٹیشن بٹالہ پر پہنچ سکیں تو ضرور ارسال فرماویں۔یہ سب کچھ بے تکلف آپ کی طرف جو لکھا جاتا ہے، محض آپ کے اخلاص و محبت کے لحاظ سے ہے جو آپ محض للہ رکھتے ہیں۔