مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 524
مکتوب نمبر ۹۷ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی۔بعدا لسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ روغن زرد اب تک نہیں پہنچا براہ مہربانی جلد تر ارسال فرماویں اور اب ایک خادمہ محنت کش ہوشیار، دانا، دیانت دار کی اشد ضرورت ہے اور اس کا کام یہی ہو گا کہ لڑکا اور لڑکی دونوں کی خدمت میں مشغول رہے۔چنانچہ مفصل خط بخدمت میر صاحب تحریر ہو چکا ہے۔آپ براہ مہربانی ایک خاص توجہ اور محنت اور کوشش سے ایسی خادمہ تلاش کر کے روانہ فرماویں۔تنخواہ جو کچھ آپ مقرر کریں گے دی جائے گی۔والسلام ۲۱؍ ستمبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد مکتوب نمبر ۹۸ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ۔بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ چونکہ نہایت ضرورت خادمہ امینہ اور دانا اورمحنت کش کی پیش آگئی ہے اس لئے مکرر مکلف ہوں کہ آپ جہاں تک ممکن ہو خادمہ کو بہت جلد روانہ فرماویں اور روغن زرد اب تک نہیں پہنچا۔ہمدست خادمہ ایک آنہ کے پان بھی روانہ فرماویں۔والسلام ۲۲؍ستمبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد