مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 361 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 361

مکتوب نمبر ۲۶ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں آپ کا عنایت نامہ ملا۔نہایت تشویش ہوئی۔اللہ تعالیٰ رحم کرے۔کل میں ایک مقدمہ کی گواہی پر جو کسی شریر نے ناحق لکھا دی ہے اور سمن جاری کرا دیا ہے، ملتان جائوں گا شاید کہ ۳۰؍ اکتوبر ۹۷ء تک واپس آئوں۔میں نے پختہ ارادہ کیا ہے کہ چالیس روز تک قبلہ وحید سے آپ کے لئے دعا کروں۔ابھی سے میں نے شروع کر دی ہے۔انشاء اللہ سفر سے واپس آکر برابر چالیس روز تک دعا کروں گا اور امید رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی حالت پر رحم فرماوے۔آپ حمایت سلسلہ میں ایسے سرگرم ہیں کہ دل وجان سے آپ کے لئے دعا نکلتی ہے اور اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے آپ تسلی رکھیں کہ بہت ہی توجہ سے آپ کے لئے دعا کی جاتی ہے۔والسلام ۲۸؍ اکتوبر ۱۸۹۷ء خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان