مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 271 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 271

مکتوب نمبر۶۳ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ عزیزہ سعیدہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میں نے آپ کاخط غور سے پڑھ لیا ہے اور جس قدر آپ نے اپنی عوارض لکھی ہیں، غور سے معلوم کر لئے ہیں۔انشاء اللہ صحت ہو جائے گی۔میں نہ صرف دوا بلکہ آپ کے لئے بہت توجہ سے دُعا بھی کرتا ہوں۔مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو پوری شفاء دے گا۔یہ تجویز جو شروع ہے۔آپ کم سے کم چالیس روز تک اس کو انجام دیں اور دوسرے وقت کی دوا میں آپ ناغہ نہ کریں۔وہ بھی خون صاف کرتی ہے اور دل کی گھبراہٹ کو دو رکرتی ہے اورآنکھوں کوبھی مفید ہے۔مگر آپ بیچ میں ناغہ کر دیتے ہیں۔جیسا کہ کل آپ نے دوا نہیں پی۔ناغہ نہیں ہونا چاہئے اور نیز مصالحہ۔مرچیں اورلونگ اور لہسن وغیرہ نہیں کھانا چاہئے یہ آنکھوں کے لئے بھی مضر ہیں۔آپ کے لئے یہ غذا چاہئے۔انڈا۔دودھ۔پلائو گوشت ڈال کر۔گوشت جس میں کچھ سبزی ہو۔ثقیل یعنی بوجھل چیزوں سے پرہیز چاہئے۔بہت میٹھا یعنی شیرینی نہیں کھانی چاہئے۔ایک جگہ بیٹھے نہیں رہنا چاہئے۔کچھ حرکت چاہئے۔عمدہ ہوا ربیع کی لینی چاہئے۔غم نہیں کرنا چاہئے۔اس علاج سے پھنسیاں وغیرہ انشاء اللہ دور ہو جائیں گی۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ