مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 19 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 19

مکتوب نمبر ۹ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی صاحب سلّمہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔اللہ جلشانہٗ آپ کو دنیا و دین میں آرام دلی بخشے کہ ہر ایک بخشش وبخشایش اُسی کے فضل پر موقوف ہے۔نظر بر فضل ایک لذت بخش امر ہے۔۔۱؎ رسالہ مؤلفہ آںمخدوم جو امرتسر بھیجا گیا ہے، کچھ ظاہر نہیں ہوا کہ اس کا کیا بندوبست ہوا۔آج کل دیانت کم ہے اور لاف و گزاف زبانی ہرگز لائق اعتماد نہیں۔کسی کو بجز تحریری شرائط کے رسالہ نہیں دینا چاہئے تا پیچھے سے کوئی خراب نتیجہ نہ نکلے۔یہ امور مفصلہ ذیل ضرور صاحبِ مطبع سے طے کر لینے چاہئیں اور اقرار نامہ لے لینا چاہئے۔اوّل: فلاں نمونہ کے مطابق کام چھپائی صاف اور عمدہ ہوگا۔دوم: اگر ایسا صاف نہ ہوا تو استحقاق چار آنے فی داب میں رہے گا۔سوم: اتنے ماہ میں کام ختم نہ ہوا تو ہرجہ دینا ہوگا۔چہارم: کل کتابوں کے حوالے کرنے کے بعد اور اُن کی پڑتال صحت کے بعد روپیہ اُجرت کا دیا جائے گا۔پنجم: کاغذ کی عمدگی کا ذمہ دار خود مطبع والا ہوگا۔دوا جس میں مروارید داخل ہیں جو کسی قدر آپ دے گئے تھے اس کے استعمال سے بفضلہ تعالیٰ مجھ کو بہت فائدہ ہوا۔قوتِ باہ کو ایک عجیب فائدہ یہ دوا پہنچاتی ہے اور مقوی معدہ ہے اور کاہلی اور سُستی کو دور کرتی ہے اور کئی عوارض کو نافع ہے۔آپ ضرور اس کو استعمال کر کے مجھ کو اطلاع دیں۔مجھ کو تو یہ بہت ہی موافق آگئی۔فالحمد للّٰہ علٰی ذالک خاکسار ۳۰؍ دسمبر ۱۸۸۶ء غلام احمد