مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 17 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 17

مکتوب نمبر ۷ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلّمہ تعالیٰ۔بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔استماع واقعہ وفات فرزند دلبندآں مخدوم سے حزن و اندوہ ہوا۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔خداوندکریم بہت جلد آپ کو نعم البدل عطا کرے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے اور جو چاہتا ہے کرتا ہے۔انسان کے لئے اس کے گوشۂ جگر کا صدمہ بڑا بھارا زخم ہے۔اس لئے اس کا اجر بھی بہت بڑا ہے۔اللہ جلّشانہٗ آپ کو جلد تر خوش کرے۔آمین ثم آمین سرمہ چشم آریہ میری بار بار کی علالت کے توقف سے چھپا اور اب پانچویں دن تک اس کی جلدیں یہاں پہنچ جاویں گی۔تب بلاتوقف آپ کی خدمت میں ایک جلد بھیجی جائے گی۔چونکہ اس کے بعد رسالہ سراج منیر چھپنے والا ہے اور جو اس کے لئے روپیہ جمع تھا وہ سب اس میں خرچ ہو گیا ہے اس لئے آںمخدوم بھی اپنے گردونواح میں دلی توجہ سے کوشش کریں کہ دست بدست اس کے خریدار پیدا ہو جائیں۔اس پر پانچ سو روپیہ کا کاغذ قرضہ لے کر لگایا گیا ہے۔منشی عبدالحق صاحب اکونٹنٹ شملہ نے یہ پانچ سو روپیہ قرضہ دیا۔چار سو روپیہ اور تھا جو اسی پر خرچ ہوا۔یہ موقعہ نہایت محنت اور کوشش کرنے کا ہے تا سراج منیر کے طبع میں توقف نہ ہو۔اس رسالہ سرمہ چشم کی قیمت ایک روپے بارہ آنے ہے۔اگر آپ کی محنت سے سَو رسالہ بھی فروخت ہو جاوے تب بھی ایک حق نصرت آپ کے لئے ثابت ہو جائے گا۔ومن ینصر اللّٰہ ینصرہ۔اللہ جلّشانہٗ آپ پر رحمت کی بارش کرے اور اپنی خاص توفیق سے ایسے کام کرائے جن سے وہ راضی ہو جاوے۔ولاتوفیق الا باللّٰہ۔والسلام ۲۰؍ ستمبر۱۸۸۶ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ