مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 107 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 107

اور ملہمات چھپا نہ کرتے تھے مگر یہ عظیم الشان پیشگوئی ہے ۱۸۸۸ء میں جو مولوی محمد حسین کی ارادت اور عقیدت کا عہد تھا اور وہ براہین احمدیہ پر نہایت اعلیٰ ریویو شائع کر چکا تھا۔اس وقت خدا تعالیٰ نے آپ کو بتایا کہ یہ شخص مخالفت کرے گا اور نہایت گندی مخالفت کرے گا۔اس خواب سے آپ نے خود مولوی محمد حسین صاحب کو بھی اطلاع دی تھی۔چنانچہ آپ کے مکتوبات بنام مولوی محمد حسین جو میں نے چھاپے ہیں اس میں صفحہ۴پر بھی یہ چھاپا گیا ہے۔یہ خدا تعالیٰ کاایک عظیم الشان نشان ہے۔جس میں مولوی محمد حسین کی مخالفت اور اس کی مخالفت کا نہایت ذلیل پہلو بھی دکھا دیا گیا تھا۔ایک اور امر بھی اس مکتوب سے مکشوف ہوتا ہے کہ یہ خدا کے برگزیدہ بندے اپنی ذات اور ہستی کو درمیان میں نہیں رکھتے اور اپنی کسی طاقت اور علم پر اعتماد نہیں رکھتے بلکہ خدا تعالیٰ ہی کی تائید اور نصرت پر انہیں ایمان ہوتا ہے۔اگرچہ حضرت حکیم الامت کو لکھا کہ مولوی محمد حسین کے ردّ کے لئے آپ کو تکلیف دوں گا مگر کبھی ایک دن اور ایک لحظہ بھی آپ پر نہ آیا کہ آپ نے ان کو تکلیف دی ہو بلکہ خدا تعالیٰ نے آپ پر وہ حقائق اور معارف کھول دیئے کہ بڑے بڑے علوم کے مدعی حیران و پریشان رہ گئے۔(عرفانی)