مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 573 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 573

کی طرف جھک جاتا ہے اور عارفین کا ذاتی تجربہ ہے کہ جو مانگتا ہے اُس کو ملتا ہے۔ہر یک زمانہ میں خدا نے مقبولین کی دعا کے ذریعہ سے عجیب طوروں پر مشکل کشائیاں کیں ہیں اور اپنے فضلوں کو منکشف کیا ہے۔بعض لوگ مستجاب الدعوات ہوتے ہیں اور اُس کی اصلیت یہ ہے کہ حکیم مطلق نے مقدر کیا ہوتا ہے کہ بہت سے اہل حاجات اُن کی دعاؤں سے اپنے مطلب کو پہنچ گئے۔سو وہ اہلِ حاجات اُس شخص مستجاب الدعوات کو آ ملتے ہیں اور امر مقدر پورا ہو جاتا ہے۔سو مستجاب الدعوات کی طرف جھکنا ایک نیک فال ہے۔کیونکہ غالباً جو شخص مستجاب الدعوات کی طرف آیا ہے اور اس کی طرف میل کرنا اُس کو توفیق دیا گیا ہے وہ اُنہیں لوگوں میں سے ہوگا کہ جن کے حق میں قلم ازل نے کامیاب ہونا اس کی دعا سے لکھا ہے۔مگر یہ بات نہیں کہ جو مستجاب الدعوات مانگتا ہے وہ بعینہٖ پورا ہو جاوے۔اُس کی وجہ پہلے لکھ چکا ہوں۔پانچ کتابیں روانہ کی گئی ہیں۔بخدمت خواجہ علی صاحب و مولوی عبدالقادر صاحب سلام مسنون پہنچے۔انشاء اللہ تعالیٰ اگرخدا نے چاہا تو لودہیانہ میں مولوی صاحب کی ملاقات حاصل ہوگی۔وَالْاَمْرُکُلُّہٗ فِیْ یَدِ اللّٰہِ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ۔والسلام٭ ۲۲؍ ستمبر ۱۸۸۳ء مطابق ۲۰؍ ذیقعد ۱۳۰۰ھ ٭…٭…٭ ٭ اخبار الحکم نمبر ۲۳ جلد۳۔۳۰ جون ۱۸۹۹ء