مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 178 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 178

پادری فتح مسیح کے نام تعارف: پادری فتح مسیح فتح گڑھ چوڑیاں کے مشن میں ملازم تھے۔پادری وائٹ بریخٹ جو بٹالہ کے انچارج مشنری تھے اس کے بڑے حامی تھے۔یہ شخص چونکہ اسلام سے مرتد ہوا تھا۔اس لئے نہایت سخت زبان ہو گیا تھا۔اس لئے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت سے ارتداد انسان کے ارتداد کو پست کر دیتا ہے اور یہ ایک قسم کی لعنت ہوتی ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مقابلہ میں ایک مرتبہ اس نے لفافہ میں بند مضمون کے بتانے کا اعلان کیا۔لیکن جب حضورؑ نے اس چیلنج کو قبول کر لیا تو بٹالہ کے مقام پر اسے دُم دبا کر بھاگنا پڑا۔اور بٹالہ کے مشنری نے بھی اس کی اس قسم کی لاف و گزاف کو پسند نہ کیا۔ان امور کی تفصیلات انشاء اللہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سوانحِ حیات (حیات احمد) میں آ رہی ہیں۔پھر یہ وہی پادری فتح مسیح ہے جس کے ایک خط کے جواب میں حضور نے رسالہ نورالقرآن شائع کیا تھا۔یہ مکتوب جو میں آج شائع کر رہا ہوں اسی پادری فتح مسیح کے نام ہے۔اور یہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک انعامی اشتہار ایک ہزار روپیہ کے سلسلہ میں فتح مسیح نے اس مقابلہ میں آنے کے لئے حضرت کو لکھا۔لیکن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اس مکتوب کے بعد اس پر گویا موت طاری ہوگئی اور مقابلہ کی ہمت نہ پڑی۔اور اس طرح پر وہ دعویٰ پھر ایک بار صحیح ثابت ہوا۔چہ ہیبت ہا بدادند ایں جواں را کہ ناید کس بہ میدانِ محمدؐ اس قدر بیان سے قارئین کرام کو فتح مسیح کی حقیقت معلوم ہو جائے گی۔اور مکتوب حضرت جن حقائق پر مشتمل ہے ان کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔(عرفانی)