مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 165 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 165

ماسوائے اس کے میں پہلے لکھ چکا ہوں کہ اگر آپ نشان نمائی کے مقابلہ سے عاجز ہیں تو پھر یکطرفہ اس عاجز کی طرف سے سہی، مجھ کو بسروچشم منظور ہے، آپ اقرار نامہ حسب نمونہ مرقومہ بالا شائع کریں اور جس وقت آپ فرماویں میں بلاتوقف امرتسر حاضر ہو جاؤں گا۔یہ تو مجھ کو پہلے ہی سے معلوم ہے کہ عیسائی مذہب اسی دن سے تاریکی میں پڑا ہوا ہے جب سے کہ حضرت مسیح علیہ السلام کو خدا کی جگہ دی گئی اور جب کہ حضرات عیسائیوں نے ایک سچے اور کامل اور مقدس نبی افضل الانبیاء محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کیا۔اس لئے میں یقینا جانتا ہوں کہ حضرات عیسائی صاحبوں میں سے یہ طاقت کسی میں بھی نہیں کہ اسلام کے زندہ نوروں کا مقابلہ کر سکیں۔میں دیکھتا ہوں کہ وہ نجات اور حیاتِ ابدی جس کا ذکر عیسائی صاحبوں کی زبان پر ہے، وہ اہل اسلام کے کامل افراد میں سورج کی طرح چمک رہی ہے۔اسلام میں یہ ایک زبردست خاصیت ہے کہ وہ ظلمت سے نکال کر اپنے نور میں داخل کرتا ہے۔جس نور کی برکت سے مومن میں کھلے کھلے آثار قبولیت پیدا ہو جاتے ہیں اور خدا تعالیٰ کا شرفِ مکالمہ میسر آ جاتا ہے اور خدا تعالیٰ اپنی محبت کی نشانیاں اس میں ظاہر کر دیتا ہے میں زور سے اور دعوٰی سے کہتا ہوں کہ ایمانی زندگی صرف کامل مسلمان کو ہی ملتی ہے اور یہی اسلام کی سچائی کی نشانی ہے۔اب آپ کے خط کا ضروری جواب ہو چکا اور یہ اشتہار ایک رسالہ کی صورت پر مرتب کر کے آپ کی خدمت میں اور نیز ڈاکٹر مارٹن کلارک صاحب کی خدمت میں بذریعہ رجسٹری روانہ کرتا ہوں۔اب میری طرف سے حجت پوری ہوچکی۔آئندہ آپ کو اختیار ہے۔والسلام علی من اتبع الھدی۔٭ راقم خاکسار میرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور ٭ حجۃ الاسلام ،روحانی خزائن جلد۶ صفحہ ۵۲ تا ۵۷