مکتوب آسٹریلیا — Page 196
196 آسٹریلوی پارلیمنٹ کے نقیب کا عصا ہر چیز کی اہمیت وقت اور مقام کے ساتھ بدلتی رہتی ہے۔چھڑی بہر حال چھڑی ہے خواہ بادشاہ کی ہو یا فقیر کی لیکن ایک چھڑی (Rod) ایسی ہے جس کے بغیر پارلیمنٹ کے کام رک سکتے ہیں۔یہ چھڑی آسٹریلیا کے ایوان بالا (سینیٹ) کے نقیب (Usher) مسٹر راب ایلیسن کی ہے جس کے ٹوٹنے سے بڑی پریشانی پیدا ہوئی۔ہوا یوں کہ آسٹریلیا کے گزشتہ انتخابات کے بعد نئی پارلیمنٹ کا افتتاح سرولیم ڈین، گورنر جنرل نے کرنا تھا ( جو کہ ملکہ برطانیہ کے نمائندہ ہیں ) جس میں سیاہ چھڑی کے نقیب مسٹر راب (Usher of the Black Rod) کا بھی ایک کردار تھا اور ان کی چھڑی کا بھی۔پارلیمنٹ کے افتتاح سے ایک روز قبل مسٹر راب اپنی چھڑی پالش کی غرض سے اپنے گھر لے آئے تھے۔جب غسل خانہ میں وہ چھڑی کی جھاڑ پونچھ کر رہے تھے ٹیلیفون کی گھنٹی بجی اور جب اس سے فارغ ہوکر واپس آئے تو چھڑی گر کر ٹوٹ چکی تھی۔اور زمین پر یوں پڑی تھی جیسے عین فٹ بال کے میچ کے دوران کسی کھلاڑی کی ٹانگ ٹوٹ جائے۔یہ چھڑی ۱۶۴۵ میٹر لمبی سیاہ آبنوس کی لکڑی سے بنی ہوتی ہے جس کے تین حصے ہیں جن کے درمیان جوڑ ہوتے ہیں۔بس ایک جوڑ ٹوٹ گیا تھا۔چھڑی کے دستہ پر حکومت آسٹریلیا اور تاج برطانیہ کا نشان کندہ ہوتا ہے چنانچہ اسی وقت مکینک بلائے گئے اور چھڑی کی مرمت کروائی گئی۔