خطبات وقف جدید — Page 35
35 حضرت مصلح موعود لوشید اے جواناں تا بدیں قوت شود پیدا بہار و رونق اندر روضه ملت شود پیدا یعنی اے مسلمان نوجوانو! کوشش کرو تا دینِ اسلام میں بھی قوت پیدا ہو جائے اور امت اسلامیہ کے باغ میں بھی بہار اور رونق نظر آنے لگے۔اسی طرح ایک اور شعر میں فرماتے ہیں۔ہر طرف کفر است جوشاں ہمچو افواج یزید دین حق بیمار و بیکس ہمچو زین العابدین یعنی میں دیکھ رہا ہوں کہ یزید کی فوجوں کی طرح ہر طرف کفر جوش مار رہا ہے اور اسلام امام زین العابدین کی طرح بیمار اور کمزور ہے۔امام زین العابدین ، حضرت امام حسین علیہ السلام کے بیٹے تھے جو حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے وقت بیمار پڑے تھے۔جب ان کی پھوپھی نے آواز دی کہ میرا بھائی خاک و خون میں تڑپ رہا ہے تو یہ اندر سے اٹھ کر باہر آ گئے اور کہنے لگے میں باہر جا کر دشمن کا مقابلہ کرتا ہوں لیکن خاندان کے بعض افراد آگے آگئے اور انھوں نے کہا کہ تم بیمار ہو تمہیں باہر نہیں جانا چاہئے تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ اسلام تو آجکل اسی طرح بیمار ہے جسطرح امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے وقت امام زین العابدین بیمار تھے اور کفر یزید کی فوجوں کی طرح جوش مار رہا ہے لیکن ذرا مسلمانوں میں بیداری پیدا ہو جائے تو دیکھنا کہ انشاء اللہ تعالیٰ کفر میدان میں دم توڑ رہا ہوگا اور اسلام کی فوج میں اس قدر جوش ہو گا کہ اس کی مثال دنیا میں پہلی کسی قوم میں نظر نہیں آئے گی اور ہر جگہ اسلام کا جھنڈا اونچا ہو گا اور محمد رسول اللہ ﷺ کی حکومت قائم ہوگی۔الفضل 22 جنوری 1958 ، صفحہ 2-3 *****