خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 688
خطبات طاہر جلد ۸ 688 خطبه جمعه ۲۰/اکتوبر ۱۹۸۹ء غیر اللہ کی ملونی کو کلیۂ دل سے نکال دینے کا حکم ہے اور ہمیں یہ نصیحت فرمائی گئی ہے کہ یہ دور تو حید کے ساتھ چمٹ جانے کا دور ہے۔اپنے دلوں کو شرک کی ملونی سے ہر طرح سے پاک کر دو اور کلیۂ خالصہ خدا کے ہو جاؤ۔اسی کے حضور دعائیں کرو، اسی پر توکل کرو اور ہر وہ امید جو غیروں سے وابستہ ہے اسے خدا کی راہ میں اس رنگ میں ذبح کر دو کہ کوششیں تو امتثال امر میں ہوتی رہیں مگر تو قعات محض خدا کے فضل پر ہوں کسی دنیاوی امید سے وابستہ نہ ہوں۔پس اس رؤیا کا یہ پیغام سمجھتے ہوئے میں تمام جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کے اصل گائے جو ذبح کرنے والی ہے وہ دلوں میں پیدا ہونے والے شرک کے موہوم خیالات ہیں اور اس گائے کو ہم سب کو انفرادی طور پر بھی اور اجتماعی طور پر بھی ذبح کرنا ہوگا۔یہ نئی صدی کا سر ہے اور اس پہلو سے آج دوبارہ ہمیں تو حید خالص پر بڑی قوت اور بڑی شدت اور بڑی وفا کے ساتھ قائم ہونے کی ضرورت ہے۔پس یہ رویا جو میں نے رات دیکھی میں خوب جانتا ہوں کہ یہ رو یا کوئی عام رو یا نہیں تھی بلکہ خدا تعالیٰ کی طرف سے غیر معمولی پیغامات پر مشتمل رؤیا تھی۔یہ فیصلہ در حقیقت رؤیا دیکھنے والا کر سکتا ہے کہ یہ اوہام کے نتیجے میں ہے طبعی رجحانات کے نتیجے میں ہے یا خاص کر خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک پیغام کا رنگ رکھتی ہے۔تو میں نے رؤیا کے دوران بھی یہ محسوس کیا تھا کہ یہ عجیب رؤیا ہے جس کا عام طور پر دیکھنا کم سے کم میرے حالات میں بعید نظر آتا ہے۔میری سوچوں، میری فکروں کے ساتھ اس مضمون کا اس رنگ میں تعلق نہیں تھا۔یعنی دعا کے ساتھ تو تعلق تھا لیکن جس طرح مجھے دکھائی گئی ہے وہ ایک خاص رنگ رکھتا تھا، ایک خاص انداز تھا جس کے ذریعے انسان کو یقین دلایا جارہا ہو کہ یہ خدا کی طرف سے پیغام ہے۔اسے تم اتفاقی واقعہ نہ سمجھنا۔پس اس کامل یقین کے ساتھ میں جماعت کی امانت جماعت کے سپرد کرتا ہوں۔یقیناً اللہ تعالیٰ کی طرف سے فضل آنے والے ہیں، خوشیاں نصیب ہونے والی ہیں اس کی تیاری شروع کریں اور دعاؤں کو تیز کر دیں اور خدا کے ساتھ کامل وفا کے ساتھ وابستہ ہو جائیں اور اپنے دلوں کو خدا کے لئے خالص کر دیں۔شرک کی ہر ملونی سے ان کو پاک کر دیں اور پھر یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ فضا میں عظیم تبدیلیاں پیدا ہونے والی ہیں اور ان تبدیلیوں کا معراج یہ ہوگا کہ ہادی خدا ہم پر نازل ہوگا اور اس کثرت کے ساتھ دنیا میں ہادی کے طور پر نازل ہوگا کہ جماعت کے ذریعے،