خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 267
خطبات طاہر جلد ۸ 267 خطبه جمعه ۲۸ / اپریل ۱۹۸۹ء معراج ہے جسے ہم نے حاصل کرنا ہے اور جیسا کہ آپ نے بار ہا حضرت خلیفہ المسیح الثالث رحمہ اللہ رت سے سنا کہ اگلی صدی غلبہ توحید کی صدی ہو گی۔اس لئے اس صدی کے آغاز ہی میں اس پہلے رمضان مبارک کے آخری مبارک عشرہ میں میں نے سوچا کہ میں توحید ہی کی تلقین کروں اور توحید کے غلبہ کی تیاری سے متعلق آپ کو کچھ نصیحت کروں اور اسی ضمن میں کثرت کے ساتھ دعائیں کرنے کی تلقین کروں۔توحید کا مضمون بظاہر بہت ہی آسان ہے اور عمومی تصور یہ پایا جاتا ہے کہ لا الہ الا اللہ کا اعلان توحید کے غلبے کو ظاہر کرتا ہے اور محمد رسول اللہ ﷺ کی رسالت کا اقرار انسان کو جہاں توحید کا مضمون سکھاتا ہے وہاں توحید کے سب سے اعلیٰ وسیلے کی طرف بھی اس کی راہنمائی کرتا ہے۔اس بات سے تو انکار نہیں کہ یہ دونوں باتیں درست ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ مضمون اتنا سطحی نہیں جتنا دکھائی دے رہا ہے۔اتنا آسان بھی نہیں کہ جس طرح اس فقرے میں جو میں نے بیان کیا آپ کو سمجھ آ گیا کہ ہاں یہ تو حید ہوا کرتی ہے اور یہ رسالت کا اقرار ہوتا ہے۔بہت ہی گہرا مضمون ہے جو مسلسل جد وجہد کو چاہتا ہے۔اس کا سمجھنا بھی درحقیقت لمبے تجارب کے بعد نصیب ہوا کرتا ہے اور اس کو سمجھنے کے بعد پھر تو حید کو اپنے نفس پر جاری کرنا ایک بہت ہی مشکل مضمون ہے اور اسی کا نام جہادا کبر ہے اور یہی وہ جہاد ہے جس کی قرآن کریم نے کثرت کے ساتھ اور شدت کے ساتھ تلقین فرمائی ہے۔پس ہم جنہوں نے یہ آج یہ دعوی کیا ہے کہ ہم اس صدی میں داخل ہو رہے ہیں جو غلبہ توحید کی صدی ہے اگر ہم نے اس توحید کو خود نہ سمجھا اور خود اپنے دلوں پر اور اپنے نفوس پر اور اپنی رگ جان میں جاری نہ کیا تو پھر ہمارے دعوے بھی محض کھو کھلے اور بلند بانگ دعاوی تو ثابت ہوں گے جن کے پیچھے حقیقت کوئی نہیں ہوگی۔یعنی دعووں کی آواز تو بہت بلند ہو جائے گی لیکن وہ اعمال جوان دعووں کو رفعت دینے کے لئے ضروری ہوا کرتے ہیں ان اعمال سے یہ دعاوی خالی ہوں گے۔اس مضمون پر غور کرتے ہوئے چونکہ یہ بہت وسیع مضمون ہے میں نے اس کا ایک حصہ آج چنا ہے اور وہ ہجرت کا مضمون ہے۔توحید کے ساتھ ایک ہجرت کا تعلق ہے جس کا قرآن کریم میں بڑی وضاحت کے ساتھ ذکر ملتا ہے اور حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ نے اس پر بارہا بہت ہی بلند حکمت اور عرفان کے ساتھ روشنی ڈالی ہے۔حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کے ذکر میں قرآن کریم فرماتا