خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 173
خطبات طاہر جلد ۶ 173 خطبه جمعه ۱۳ مارچ ۱۹۸۷ء اپنے اور اولاد کے تقویٰ کی فکر کریں ( خطبه جمعه فرموده ۱۳ مارچ ۱۹۸۷ء بمقام بیت الفضل لندن ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی : وَالَّذِيْنَ يَقُولُونَ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ و اجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا اور پھر فرمایا: (الفرقان: ۷۵) عموما میں جب جمعہ کے لئے آتا ہوں تو پہلے احباب کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ کہتا ہوں اور پھر اذان کی اجازت دیتا ہوں اس دفعہ میں خیالوں میں کھویا ہوا یہ بھول ہی گیا۔تبھی میں تعجب کر رہا تھا کہ اذان کیوں نہیں فوراً شروع کی۔تو اب میں اس کوتاہی کو دور کرتے ہوئے سب کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ کہتا ہوں۔دنیا میں ہمیں جتنے کیمیاوی رد عمل دکھائی دیتے ہیں ان میں کچھ تو ایسے ہیں جو مستقل جاری وساری ہیں اور ہم نہ ان کو روک سکتے ہیں نہ ان کو چلا سکتے ہیں یہ قانون قدرت کی طرف سے جاری نظام ہے اور کچھ ایسے ہیں جو اپنے آغاز کے لئے کسی مدد اور سہارے کے محتاج ہوتے ہیں جب تک انہیں چلنے کا حکم نہ دیا جائے اس وقت تک وہ رد عمل جاری نہیں ہوتے اور ان کے لئے اللہ تعالیٰ نے ایسے مددگار مقرر فرمائے ہوئے ہیں جو اس رد عمل کو چلانے کے لئے ایک قسم کے Trigger جس کو انگریزی میں کہتے ہیں، لبلبہ کا کام دیتے ہیں۔وہTrigger چلے تو وہ چلیں گے