خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء) — Page 715
715 خطبه جمعه ۲۴/اکتوبر ۱۹۸۶ء خطبات طاہر جلد ۵ یہ جنت آپ کے گھروں کو نصیب نہ ہوئی تو یقیناً دنیا کو آپ سے کسی قسم کی جنت کی امید رکھنا ایک امید باطل کا قصہ ہوگا، ایک موہوم خیال ہوگا۔دنیا پاگل ہوگی اگر آپ سے امن کی توقع رکھے اگر آپ نے خود اپنے گھروں کو امن عطا نہیں کیا۔اس لئے ایک نہایت ہی اہم بات ہے، ایک ایسا نکتہ ہے جسے سمجھ کر اس پر عمل کرنے کے نتیجہ میں آپ عظیم الشان فتوحات حاصل کر سکتے ہیں۔لیکن اسے نظر انداز کرنے کے نتیجہ میں جس طرح بار ہا آپ نظر انداز کرتے رہے ہیں اور کرتے چلے جارہے ہیں آپ اسی جگہ ڈھونڈتے پھرتے رہیں گے اور ترقی کی وہ نئی راہیں آپ پر نہیں کھلیں گی جن راہوں پر چلنے کے بعد آپ ایک ایسے مقام پر پہنچ کر دنیا کو دیکھ سکتے ہیں کہ دنیا آپ کو اپنی فتوحات کے قدموں کے دامن میں بچھی ہوئی دکھائی دے۔اس لئے دعائیں کریں اور استغفار کریں اور دیانت داری کے ساتھ ان نظریاتی بلند باتوں کو سادہ عام عمل کی دنیا میں اتارنے کی کوشش کریں۔جب تک روزمرہ کی زندگی میں یہ باتیں رائج ہوتی دکھائی نہیں دیتیں اس وقت تک اسلام کا یہ دعویٰ کہ وہ دنیا کو امن عطا کر دے گا یہ دعوی سچا ثابت نہیں ہو سکتا۔