خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 661 of 912

خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء) — Page 661

خطبات طاہر جلد۵ 661 خطبه جمعه ارا کتوبر ۱۹۸۶ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے بیداری کی ایک نمایاں روح دیکھی ہے اور بہت احساس پایا جاتا ہے کہ ہم جس حد تک بھی ممکن ہو اپنی اولاد کی تربیت کریں، اکٹھے رہیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر محبت کے ساتھ دین کے کام کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں اور یہ احساس جو عموماً پایا گیا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی خاص رحمت کی ہوا چلی ہے ورنہ بہت بڑا کام تھا سارے ملک کی ہر جماعت کی تربیت کرنا۔جہاں تک مرکزی مربی کا تعلق ہے ملک اتنا وسیع ہے کہ اس کا ہر جگہ پہنچنا ویسے ہی ممکن نہیں ، شاذ کے طور پر کبھی وہ جاسکتے ہیں۔اس سے مجھے اندازہ ہوا ہے کہ دراصل پاکستان میں جو حالات گزر رہے ہیں تکلیف دہ، یہ محض ان کا پھل ہے۔اللہ تعالیٰ کی رحمت کی ہوائیں جو چل رہی ہیں اس کا تعلق ان تکلیفوں سے ہے اور ان دعاؤں سے ہے جو ان تکلیفوں کے نتیجہ میں پیدا ہوتی ہیں اور ساری دنیا میں خدا کی رحمت غیر معمولی طور پر خوشخبریاں لے کے آ رہی ہے اور اس کے جو چھینٹے ہیں وہ مردہ دلوں میں ایک نئی جان پیدا کر رہے ہیں، نئی تازگی عطا کر رہے ہیں، نیا ولولہ عطا کر رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ صرف کینیڈا ہی میں نہیں ساری دنیا میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسی قسم کی رحمتوں کا نزول ہو رہا ہوگا۔پس جماعت احمدیہ کو اس پہلو سے خوشخبری ہو کہ جماعت ایک نئے ترقی کے دور میں داخل ہو چکی ہے اور اس دور کے نتائج بہت دور رس ہیں ، بہت دیر تک نکلتے رہیں گے اور اگر ان نتائج کو ہم سنبھالیں تو آئندہ عظیم الشان اور عظیم تر نتائج کے لئے وہ مزید بنیادیں مہیا کریں گے اور بلند تر نئے پلیٹ فارم قائم کریں گے۔پس جماعت احمد یہ اللہ تعالیٰ کے احسانات کے نیچے دیتی چلی جارہی ہے اور جتنا یہ احساس ہمارا بڑھتا جائے گا اتنا ہی خدا کا یہ وعدہ پورا ہوتا چلا جائے گا کہ لَأَزِيدَنَّكُمْ (ابراهیم : ۸) تم شکر ادا کرتے چلے جاؤ اور میں اس شکر کے نتیجہ میں اپنے فضلوں اور رحمتوں اور برکتوں کو بڑھاتا چلا جاؤں گا۔جہاں تک بیرونی واسطے کا تعلق ہے جماعت احمدیہ کینیڈا کی ہر شاخ میں بیرونی دنیا سے تعلق زیادہ واضح اور مضبوط ہوا ہے۔واضح ان معنوں میں کہ پہلے اس تعلق میں کچھ ابہام سا پایا جا تا تھا اور دونوں طرف نمایاں احساس کے ساتھ ایک دوسرے کے وجود کی پوری خبر نہیں تھی یعنی جماعت احمد یہ کے افراد یہ سمجھتے تھے کہ کینیڈا کی دنیا الگ ہے اور ہم الگ ہیں اور کینیڈا جماعت احمدیہ کے وجود سے