خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء) — Page 110
خطبات طاہر جلد۵ 110 خطبہ جمعہ ۳۱ /جنوری ۱۹۸۶ء تو مشق ناز کرخون دو عالم میری گردن پر بالکل پرواہ نہ کرو اس بات کی کہ مجھے کیا ہوتا ہے کیونکہ مجھے کچھ ہوگا تو جماعت کو فائدہ پہنچے گا۔میں ہی تسکین میں بیٹھا رہوں گا تو تمہاری بیماری کا کیا بنے گا۔یہ تو ایسی ہی بات ہے جیسے اسپرینیں دے دے کر بعض دردوں کو دبا دیا جاتا ہے اور بیماری اپنی جگہ پنپتی رہتی ہے۔ایسے سکون کی نہ آپ کو ضرورت ہے نہ مجھے ضرورت ہے۔پس دعا کریں کہ اللہ تعالی زیادہ سے زیادہ ہمیں اصلاح معاشرہ کی تو فیق بخشے کیونکہ اصلاح معاشرہ کے بغیر حقیقت میں اسلام کا غلبہ دنیا پر نہیں ہو سکتا۔بہت سی وجو ہات ہیں اس کی ، اس کی تفصیل میں میں اس وقت نہیں جا سکتا وقت پہلے ہی زیادہ ہو چکا ہے لیکن میں آپکو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کو یہ محبت ہے کہ اسلام دنیا میں غالب آجائے ، اگر دلی تمنا ہے، اگر آپ اس آرزو میں جیتے ہیں کہ کسی طرح ساری دنیا پر دین محمد مصطفی عه غالب آجائے تو یا درکھیں اور اس بات کو کبھی نہ بھلائیں کہ اصلاح معاشرہ کے بغیر یہ بات نہیں ہوگی۔آپ کو لازما معاشرہ کی اصلاح کرنی پڑے گی تب آپ حقدار بنیں گے کہ ساری دنیا کو اسلام کا پیغام پہنچائیں۔