خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 825
خطبات طاہر جلد 15 825 خطبه جمعه 25 اکتوبر 1996ء Evolution نے کائنات کو اس مقام تک پہنچایا جس پر ہم دیکھ رہے ہیں اور اس مقام تک پہنچا کر زندگی کو ساتھ ترقی دیتے ہوئے اس مقام تک پہنچایا کہ وہ زندگی دیکھ سکے کہ یہ کائنات کیا ہے اور اس کا حسن کیا ہے؟ یہ دونوں چیزیں اکٹھی ہو کر پھر ان مومنوں کی تخلیق کرتی ہیں جن کا ان آیات میں ذکر ہے کہ جب وہ مومن جو خدا کی محبت میں مدہوش رہتے ہیں جب وہ غور کرتے ہیں تو لازماً ان کے دل خدا تعالیٰ کی محبت میں اور بھی زیادہ گھائل ہو جاتے ہیں اور لازماً ان کی تو جہات زمین و آسمان کے رازوں کو سمجھنے کی طرف مبذول ہوتی ہیں اور نتیجہ سب ایک ہی نکالتے ہیں کہ رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هذا بَاطِلًا اے ہمارے رب تو نے یہ چیزیں باطل پیدا نہیں کیں۔اس بار جب میں نے اس مضمون پر غور کیا تو ایک اور نکتہ جو سمجھ آیا وہ یہ تھا کہ خدا تعالیٰ نے یہ آیت محض ناروے کے لئے تو پیدا نہیں کی تھیں۔وہ بیابان عرب جہاں حضرت محمد مصطفی سے پیدا ہوئے وہ آواز جو آپ نے صحرائے عرب سے بلند کی وہ سب سے زیادہ ان آیات کے مطابق ایک ایسا وجود پیش کرتی ہے جو دن رات خدا کی محبت میں مبتلا تھا اور اس نے تو ان ملکوں کی سیر نہیں کی جو دنیا کی نظر میں بہت ہی خوب صورت اور غیر معمولی طور پر قدرتی نظاروں سے ایسے مزین کئے گئے ہوں۔اس نکتہ پر غور کرتے ہوئے مجھے اپنے بچپن سے لے کر اب تک جو ذہنی سفر ہے وہ یاد آیا اور میں نے سوچا کہ میں آپ کو بھی اس بات سے مطلع کروں کہ حسنِ قدرت کے لئے محض پہاڑوں اور سبزہ زاروں اور بادلوں اور بجلی کی چمک اور بجلی کی گھن گرج اور آبشاروں کا ہونا ضروری نہیں ہے۔حسن تو جو شاہکار بنانے والا ہے یا شاہکار ایسے تصویر بنانے والے کی ذات میں ہوتا ہے جو مصور ہے اور جسے شاہکار بنانے کی توفیق ملتی ہے اور مصور کے حالات پر جب غور کریں اور اس کے کاموں کو دیکھیں تو ضروری نہیں ہے کہ مصور کوئی بہت ہی خوب صورت چیز بنائے اور اس پر آپ کے دل سے اس کے لئے تعریف کے جذبے بے اختیار ابلیں بلکہ وہ مصور جو اپنے فن میں کامل ہے وہ ایک بھیانک منظر بھی پیش کرتا ہے تو اس میں ایک حیرت انگیز حسن پوشیدہ ہوتا ہے ، وہ حسن کمال ہے۔پس وہ خدا جوخلق میں کمال رکھتا ہے اس سے بڑھ کر کوئی خالق ہو نہیں سکتا۔فَتَبَرَكَ اللهُ اَحْسَنُ الْخُلِقِينَ (المومنون: 15) ایسا خدا ہے جس سے بڑھ کر کوئی حسین خالق بن نہیں سکتا، ممکن ہی نہیں ہے۔اس نے جو کچھ بھی بنایا ہے اس میں بھی ایک حسن رکھ دیا ہے۔چنانچہ اس دوران مجھے وہ بعض صحرائی علاقوں۔