خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 728
خطبات طاہر جلد 13 728 خطبہ جمعہ فرمودہ 23 ستمبر 1994ء تیرے نفس کو دوسروں کا شہر پہنچتا رہے گا۔تو عملاً اپنے نفس کو غیروں کے شر سے بچانے کا ایک عظیم طریق بیان فرما دیا گیا کہ تو اگر اپنے شر سے اللہ تعالیٰ کی خاطر لوگوں کو بچاتا ہے تو یہ ضمانت ہو جائے گی صلى اس بات کی کہ اللہ تعالیٰ تیرے نفس کی حفاظت فرمائے گا اور اس کو دوسروں کے شر سے بچائے گا۔پس آنحضرت ﷺ نے جن مکارم اخلاق پر فائز ہوتے ہوئے بنی نوع انسان کو ان اخلاق کی طرف بلایا ہے ان کو گہری قدر کی نظر سے دیکھیں، ان پر عمل کریں تو ایک دو نصیحتیں ہی آپ کی ساری زندگی کی کایا پلٹ سکتی ہیں۔اگر آج جماعت احمد یہ عالمگیر جس تیزی سے یہ بڑھ رہی ہے اپنے اخلاق میں بھی اسی طرح نشو و نما دکھائے اور تیزی کے ساتھ بلند تر اخلاق کی طرف بڑھنے کے قدم اٹھائے اور جلد تر اعلیٰ مکارم تک پہنچ جائے تو ساری دنیا کی تقدیر جماعت احمدیہ کے ہاتھ میں ہوگی۔وہ لوگ جو خدا کی نظر میں اس کے بہترین بندے ہوں گے وہ لوگ جو خدا کی نظر میں سب سے زیادہ با اخلاق ہوں گے اللہ تعالیٰ ان کی لازماً حفاظت فرمائے گا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے احسان کا تو آنحضرت ﷺ یہاں تک یقین سے ذکر فرمارہے ہیں کہ اگر کوئی بندہ اس کی خاطر دوسروں کو شر پہنچانے سے باز آ جائے تو اللہ تعالیٰ یقیناً اس کے نفس کو دوسروں کے شر سے بچائے گا۔تو جس خدا نے یہ ضمانت دے رکھی ہوا گر اس کی خاطر آپ بلند تر اخلاق پر فائز ہوں نہ صرف یہ کہ لوگوں کے حق نہ ماریں بلکہ ان کو ان کے حقوق سے زیادہ ادا کرنے والے ہوں اور اپنے حسن خلق سے اپنے معاشرے کو حسین معاشرے میں تبدیل کر دیں تو یہ قوم ہوگی جس کے متعلق لا ز ما آسمان پر لکھا جائے گا کہ تم نے ہی غالب آنا ہے اور تمہارے ہی اخلاق ہیں جن کو بنی نوع انسان پر غالب کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔پس غلبے کے سیاسی تصور میں مبتلا نہ ہوں یہ محض جہالت کی باتیں ہیں۔سیاسی غلبوں کو ہم نے کرنا کیا ہے کبھی دنیا میں کسی کو سیاسی غلبے نے فائدہ پہنچایا ہے۔بڑے بڑے ممالک کو سیاسی غلبے نصیب ہوئے لیکن سوائے اس کے کہ مصیبتیں اور تکلیفیں پہنچا کر اور چھوٹی قوموں کے حقوق لوٹ کر وہ اپنے رستوں پر گامزن ہوئے اور انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔اخلاق حسنہ ہیں جن کے غلبے کی دعا مانگنی چاہئے اور یہی وہ غلبہ ہے جو حقیقت میں اسلام کا غلبہ ہوگا جس کا قرآن کریم میں وعدہ فرمایا گیا ہے۔پس دعائیں کرتے رہیں اور کوشش کریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اخلاق حسنہ پر فائز فرمائے اور آپ کو اخلاق حسنہ کا غلبہ عطا کرے۔وہی غلبہ ہے جو حقیقت رکھتا ہے اس کے بغیر غلبے کی ساری بحثیں نفس کے قصے ہیں ان میں کوئی بھی سچائی نہیں۔(آمین)