خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 17 of 1080

خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 17

خطبات طاہر جلد 13 17 خطبہ جمعہ فرمودہ 7 / جنوری 1994ء شر نہ پہنچے بلکہ شر کی جگہوں سے ہمیں بچائے رکھا اور اس میں آپ کے ساتھ مسافروں کے لئے بھی دعا ہوگئی اور سفر میں جن جن جگہوں سے جن جن گلیوں سے آپ کا گزر ہوتا تھا ان سب کے لئے دعا ہو گئی یعنی ایسا پاک وجود جس کے جانے سے ہر جگہ برکت ہی برکت ہو جس کے ماحول میں کوئی برا واقعہ پیش نہ آ رہا ہو۔یہ ایک بہت ہی پیاری دعا ہے جسے آپ نے ہم سب کے لئے ایک فیض عام کے طور پر ہم تک پہنچایا ہے کہ میں یعنی رسول کریم ﷺ یہ کیا کرتا تھا اور اگر آپ یہ دعا نہیں بھی کرتے تو بھی اللہ کی رحمت ہمیشہ آپ کے ساتھ رہا کرتی تھی لیکن اس کے ذریعہ ہمیں یہ بتایا کہ ایسی دعا کیا کرو کہ اس دعا کا فیض صرف تم تک نہ پہنچے تمہارے گھر تک نہ پہنچے بلکہ تمہارے ساتھ عام نور بن کر پھرتا رہے۔جن شہروں میں تم جاؤ ان کے لئے برکت کا موجب بنے ، جن گلیوں سے تم گزروان کے لئے برکت کا موجب بنے ، جن سواریوں پر تم سوار ہو ان کے لئے برکت کا موجب بنے اور کوئی برائی تم نہ دیکھو یعنی تمہارے ماحول تمہارے گردو پیش میں کوئی برائی پیدا نہ ہو اس لئے یہ دعا بھی بہت ہی اہم ہے جسے ہمیں ہمیشہ یادرکھنا چاہئے۔’ اور مظلوم کی پکار سے عام طور پر دنیا میں ظلم ہوتے رہتے ہیں اور ایک انسان بعض دفعہ بے بس ہو جاتا ہے۔مسافر ہے کچھ بھی نہیں کر سکتا لیکن جب یہ کسی مظلوم کی پکار کوسنتا ہے تو دل کو بہت چوٹ لگتی ہے تو فرمایا کہ اس سے بھی ہمیں بچا کہ ہم تک کسی تکلیف زدہ کی کوئی چیخ پہنچے۔(ترمذی کتاب الادب حدیث نمبر : 3349)۔حضرت ام سلمہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ہے جب گھر سے باہر تشریف لے جاتے تو یہ الفاظ دہراتے اللہ کے نام کے ساتھ گھر سے باہر نکلتا ہوں۔اللہ پر ہی تو کل کرتا ہوں۔اے اللہ ہم تیری پناہ میں آتے ہیں اس بات سے کہ ہم لغزش کھائیں یا گمراہ ہوں یا ظلم کریں یا ہم پر ظلم کیا جائے یا ہم جہالت کی کوئی بات کریں یا ہمارے خلاف کوئی جہالت کرے۔“ یہ تمام وہ باتیں ہیں جو سفر میں در پیش ہوتی ہیں اگر چہ عام دنیا کے حالات میں ایک مقیم کے لئے بھی یہ خطرات رہتے ہیں لیکن مسافر ہونے کی حالت میں یہ خطرات بہت بڑھ جاتے ہیں اور ایک مسافر کے لئے زیادہ اس بات کا احتمال ہے کہ اس پر جہالت کی جائے۔تو آنحضرت ﷺ نے جہاں جہاں ظلم اور جہالت سے بچنے کی دعا مانگی ہے وہاں یہ بھی مانگی ہے کہ دنیا کو بھی ہمارے ظلم اور ہماری جہالت سے بچا۔