خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 895
خطبات طاہر جلد ۱۲ 895 خطبہ جمعہ ۱۹/ نومبر ۱۹۹۳ء اہل لغت لکھتے ہیں ذَكَرَ الشَّيْءَ ذِكْرًا وَ ذَكَرًا وَ ذِكْرًا وَتَذْكَارًا ، حَفِظَهُ - یعنی ذَكَرَ کا ایک مطلب ہے کسی چیز کو یاد کرنایا گھوٹہ لگا کر حفظ کرتے ہیں۔اس کے لئے عرب لفظ ذَكَرَ استعمال کرتے ہیں۔اس نے ایک چیز کو یاد کر لیا جس طرح قرآن کریم یا د کیا جاتا ہے جس طرح بچے کتابیں یاد کرتے ہیں۔تو ذکر اللہ اس حوالے سے کیا معنی رکھے گا۔اس حوالے سے ذکر اللہ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفات کو اس طرح بار بار ذہن نشین کرتے چلے جاؤ کہ جہاں بھی ان سے ملتا جلتا مضمون ہواز خود وہ یاد آ جائیں۔جو حافظ قرآن ہوں جن کو اچھی طرح قرآن کریم حفظ ہو جب بھی کوئی آیت سے ملتا جلتا مضمون سامنے آتا ہے اچانک وہ آیت ذہن میں ابھر آتی ہے یہ حفظ ہے تو اللہ کو حفظ کرنے کا کیا مطلب ہے۔اللہ کو حفظ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفاتِ حسنہ پر ایسا غور ہو کہ موقع اور محل کے مطابق جس صفت کا کسی ایسی چیز سے تعلق ہو کہ آپ مشاہدہ کر رہے ہوں یا سن رہے ہیں یا دیکھ رہے ہیں یا محسوس کر رہے ہیں۔اچانک اللہ تعالیٰ کی صفت کا وہ پہلو آپ کے سامنے ابھر آئے۔ان معنوں میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ نے اللہ کا ذکر کیا ہے۔پھر ذکر کا مطلب ہے جَرَى الشَّى عَلَى لِسَانِک یعنی ذکر اس بات کو کہتے ہیں جو زبان پر جاری ہو۔ذکر اللہ کا مطلب یہ ہے کہ صرف یاد آ جانا کافی نہیں بلکہ اس یاد کو بیان کرناضروری ہے اور جگہ جگہ آپ کی مجالس میں اللہ تعالیٰ کا ذکر چلنا چاہے تبھی وہ ذکر بنے گا۔یعنی خاموش ذکر بھی ذکر ہی ہے لیکن زبان سے جاری ہونا بھی ذکر کے مضمون میں داخل ہے۔پس اللہ اگر ذہن میں ہے اللہ اگر دل میں ہے تو اس کا زبان پر جاری ہونا ایک طبعی اور ضروری امر ہے۔پس اپنی مجالس میں اپنی روزمرہ کی گفتگو میں اللہ تعالیٰ کا ذکر ضرور کیا کریں اور یہ وہ ذکر ہے جو نماز کے باہر کا ذکر ہے۔کیونکہ نماز میں تو آپ جاتے ہی خدا تعالیٰ سے باتیں کرنے کے لئے ہیں۔اپنے گھروں میں ہر وقت مختلف مواقع پر سیر وتفریح میں یا گھر میں بیٹھے ہوئے یا دفتر یا دنیا کے کاموں میں یا تجارتی گفتگو میں یہ ہوہی نہیں سکتا کہ اگر اللہ آپ کو یاد ہو تو زندگی کے کسی موقعے میں ایسا اتفاق ہو کہ خدا سے اس کا کوئی تعلق نہ ہو یعنی اس موقع پر خدا کی کوئی خاص صفت یاد نہ آ سکے، ہو ہی نہیں سکتا اس لئے ساری زندگی ذکر سے بھری ہوئی ہے۔اگر آپ محسوس کریں اور اس حوالے سے تلاش کیا کریں اور تلاش تبھی آپ کر سکیں گے اگر ذہن میں موجود ہے۔