خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 504
خطبات طاہر جلد ۱۲ 504 خطبہ جمعہ ۲ / جولائی ۱۹۹۳ء جاتے ہیں تو مقامی زبان کو ایک مرتبہ اور اولیت حاصل ہو جاتی ہے۔عالمی سطح پر دوسری زبانوں کو ہوگی اس سے غرض نہیں۔جہاں تک اس ملک کے دائرے کا تعلق ہے ان کی اپنی زبان کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔پس ان کی وہ زبان سیکھنی ہوگی ، آپ کو بھی سیکھنی ہوگی ، آپ کے بچوں کو سیکھنی ہوگی اور اس زبان میں اتنی مہارت حاصل کرنی ہوگی کہ آپ ان کو وہ زبان پڑھا سکیں اور ایسا ممکن ہے۔چنانچہ بعض جگہ مجھ سے کسی ملک سے تعلق رکھنے والے بعض مقامی لوگوں نے بیان کیا کہ احمدیوں کی نئی نسل میں جو بچے پیدا ہورہے ہیں ان میں بعض ایسی اچھی زبان بولتے اور ایسی اچھی زبان لکھتے ہیں کہ ہمارے اپنے بچے نہیں لکھ سکتے۔چنانچہ انگریزی میں اول آنے والے پاکستانی بچے ہیں۔سکول میں سارے انگریز بچے پڑھ رہے ہیں اور انگریزی میں اول آنے والے پاکستانی بچے ہیں جرمن زبان میں اول آنے والے پاکستانی بچے ہیں۔ہو سکتا ہے نارویجین میں بھی ایسا ہومگر مجھے علم نہیں ہے ، ہوسکتا ہے کہ ہو لیکن اگر نہیں تو ہونا چاہئے۔ناروے میں بسنے والی جماعت کے لئے خصوصیت کے ساتھ یہ قابل توجہ بات ہے کہ بدقسمتی سے یورپین ممالک میں ناروے کے اندر تعلیم کی طرف کم رجحان ہے اور نار و بین قوم میں سے ایک بڑی بھاری تعداد ہے جو سکول کی تھوڑی سی تعلیم حاصل کرنے کے بعد دوسرے کاموں میں مصروف ہو جاتی ہے اور اعلی تعلیم حاصل نہیں کرتی اس لئے اعلی تعلیم کا میدان یہاں باقی قوموں کے مقابل پر زیادہ کھلا پڑا ہے۔اس میدان میں کوشش کرنے کے لئے بہت زیادہ مواقع ہیں۔اس لئے خصوصیت سے ناروے کی جماعت احمدیہ کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو نارویجین زبان بہت زیادہ عمدگی سے سکھائیں اور باقی تعلیم میں بھی ترقی دیں تا کہ اس قوم کی زبان میں اس قوم کی خدمت کر سکیں صرف مذہبی لحاظ سے نہیں بلکہ علمی لحاظ سے ہر لحاظ سے وہ خدمت کے لائق بن سکیں مگر باقی سب جماعتوں کے لئے بھی یہی نصیحت ہے کہ جس ملک میں رہو اس ملک کی زبان کو جیسا کہ میں نے بیان کیا ہے اس نیت کے ساتھ سنجیدگی سے سیکھو اور کوشش کرو کہ اہل زبان سے بھی فوقیت لے جاؤ اور وہ تمہیں سر نیچا کر کے نیچے کی طرف نہ دیکھیں بلکہ سر اونچا کر کے بلندی پر پائیں اور دیکھیں کہ تم ان کی زبان میں ان کو سکھانے کی اہلیت رکھتے ہو۔جب یہ ملکہ حاصل کر سکو گے پھر تم عربی سے جو فیض پاؤ گے یا اردو سے جو فیض پاؤ گے اس فیض کو ان کی زبانوں میں ان تک پہنچانے کی اہلیت حاصل کرلو گے۔