خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 1015
خطبات طاہر جلد ۱۲ 1015 خطبه جمعه ۳۱ دسمبر ۱۹۹۳ء انگلستان میں پلنے اور بڑھنے والے ہیں ، جماعت سے غیر معمولی محبت اور اخلاص رکھتے ہیں ، دینی علم بھی حاصل کر چکے ہیں، وہ براہ راست مجھ سے مشورہ کر کے اس نئے پروگرام کو کسی حد تک تشکیل دے چکے ہیں اور باقی دیتے رہیں گے۔ہر امر میں میں نے انھیں کھلی چھٹی دی ہے جب چاہیں اور مشورے کریں۔خدا کے فضل سے یہ نیار یو یو تمام عالم میں ایک بہت گہرے رنگ میں اثر انداز ہوگا۔آپ کو جتنے چاہئیں ہمیں بتائیں۔ماریشس کو اگر انگریزی دان طبقہ یہاں موجود ہو مثلاً 500 ریویو چاہئیں تو ابھی سے بک کرا لیں۔بنگلہ دیش کو ہزار دو ہزار ریو یو چاہئیں وہ ابھی سے بک کرا لیں۔ہندوستان کو جتنے چاہئیں وہ بک کرائیں لیکن پتا جات اندھے طریق پر اکٹھے نہ کریں کہ ڈائر یکٹریاں دیکھیں اور پتے اکٹھے کر لئے۔ریویوا گر مفت بھی دینا پڑا تو دیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ آنکھیں کھول کر پتے اکٹھے کریں۔بعض ریویو آپ کو بھیج دئے جائیں گے ان کو لے کر بعض اہل علم سے ملیں ان کو دکھائیں ، اگر وہ دلچسپی لیں ان میں شوق پیدا ہو اور وہ پیسے نہ دے سکتے ہوں تو پھر بے شک ان کے پتے ہمیں بھجوائیں بغیر کسی رقم کے وہ ریویو دیا جائے گا لیکن یہ کہ ڈائر یکٹریاں دیکھ کر پتے اکٹھے کرلیں اس سے وقت کا بھی بہت نقصان ہوتا ہے اور پیسے کا بھی نقصان ہوتا ہے۔اہل علم اس میں دلچسپی لیں گے کیونکہ اس میں ایسے مضامین ہیں جن سے انشاء اللہ تعالیٰ وہ غیر معمولی طور پر متاثر ہوں گے۔پس خدا کے فضل سے یہ جو آج کے سال کا آخری جمعہ ہے اور آج کے سال کا آخری دن ہے یہ آئندہ سال کے لئے اور آنے والے سالوں کے لئے عظیم الشان خوشخبریاں لے کر آیا ہے اور میں ایک دفعہ پھر ماریشس کی جماعت کو یہ مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ خدا نے ان کو اس سعادت کے لئے چن لیا کہ اس سر زمین سے یہ اعلان ہو اور تمام دنیا کی جماعت کو نئے سال کی مبارک کے ساتھ یہ عظیم تحائف پیش کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس لائق بنائے کہ خدا تعالیٰ کے ان فضلوں کے شکر گزار بن سکیں ان سے پوری طرح استفادہ کر سکیں اور وہ انقلاب جو میں فضا میں ظاہر ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں ، جو ہوا میں محسوس کر رہا ہوں میری توقعات سے بھی بڑھ کر تیزی کے ساتھ آئے اور خدا کے فضلوں کی نئی برساتیں لے کر آئے ،نئی بہاریں لے کر آئے ، نئے نئے پھول گلشن احمد میں کھلتے ہوئے ہم دیکھیں ، نئے نئے رنگوں اور خوبصورتیوں کے ساتھ تمام عالم میں ہم ان کو سجائیں اور ان کی خوشبو سے ساری دنیا مہک جائے۔خدا کرے کہ ایسا ہی ہو۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ