خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 980
خطبات طاہر جلد ۱۰ 980 خطبہ جمعہ ۱۳؍ دسمبر ۱۹۹۱ء ہندوستان میں ہوں گے اور قادیان کا سفر درپیش ہے۔اس کے متعلق ساری جماعت آگاہ ہے۔وہ دوست جو جارہے ہیں ان کو بھی یا درکھنا چاہئے کہ یہ سفر جہاں تک ممکن ہو اللہ کا ذکر کرتے ہوئے اور درود اور سلام بھیجتے ہوئے پورا کریں اور بہت کثرت سے دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو ایک غیر معمولی اہمیت کا اعجازی جلسہ سالانہ بنادے اور جماعت کے لئے بہت سی خیر و برکت کا موجب بنے۔وہ لوگ جو پیچھے رہ رہے ہیں ان کو پیچھے رہنے کا غم ہے وہ اپنے خطبوں میں ملاقاتوں میں بھی ذکر کرتے ہیں ان کو پیچھے رہنے کے غم کو اپنے لئے ایک بہت ہی نفع بخش سرمائے میں تبدیل کر دینا چاہئے۔وہ اس غم کے نتیجہ میں دعائیں کریں کہ اے اللہ ! ہم جا تو نہیں سکتے تو ہماری محرومی کے احساس کو قبول فرمالے اور ہمارے دکھ کو جماعت کے لئے خوشیوں میں تبدیل کر دے اور جو تکلیف ہم محسوس کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں جماعت کے لئے آسائش پیدا فرما اور تیرے وعدوں کے پورے ہونے کے دن قریب آجائیں۔وہ جلسہ اگر ہم نہیں دیکھ سکتے تو ہمیں اس جلسے کی برکات دکھا دے اور اس جلسہ کے نتیجہ میں ہونے والے عالمی افضال کے ہم بھی شاہد بن جائیں۔پس اس رنگ میں جو پیچھے رہنے والے ہیں وہ بھی دعائیں کر کے اس جلسہ کے فیض میں شامل ہو سکتے ہیں اور اس جلسہ کے نتیجہ میں جو فیوض بعد میں ظاہر ہوں گے ان میں وہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ گواہ بن سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔یہ سارا عرصہ بہت دعائیں کرتے ہوئے گزاریں۔خدا تعالیٰ اس سفر کے سارے مراحل آسان فرما دے اور ساری مشکلات دور فرمائے۔دشمنوں کے حسد کے شر سے جماعت کو محفوظ رکھے اور سب اندھیروں کو روشنیوں میں بدل دے اور سب مشکلات کو آسانیوں میں تبدیل فرمادے اور اسیران راہ مولیٰ بھی تو ہیں جو خود اس جلسہ میں شامل نہیں ہو سکتے بلکہ اپنے قریب کے جلسوں میں بھی شامل نہیں ہو سکتے۔اپنے دکھ کے وقت ان کا دکھ جو بہت زیادہ گہرا اور بہت زیادہ لمبے عرصہ پر پھیلا ہوا دکھ ہے اس کو بھی یاد کر لیا کریں اور ان کے لئے بھی دعا کیا کریں۔اللہ تعالیٰ ہماری ان عاجزانہ التجاؤں کو قبول فرمائے۔آمین