خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 507
خطبات طاہر جلد ۱۰ 507 خطبہ جمعہ ۲۱ / جون ۱۹۹۱ء رسول کریم کی دعائیں اور ان کا عرفان اولاد کی تربیت دعاؤں سے کریں (خطبه جمعه فرموده ۲۱ جون ۱۹۹۱ ء واشنگٹن ڈی سی۔امریکہ ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔آج کا یہ خطبہ میں واشنگٹن ڈی سی امریکہ سے دے رہا ہوں اور اس اعلان کی ضرورت اس لئے ہے کہ بہت سی جماعتوں میں اب براہ راست خطبے کی آواز پہنچنے لگی ہے۔چونکہ میں سفر پر ہوں اس لئے جہاں بھی کوئی خطبہ پڑھا جاتا ہے وہاں خطبہ کا آغاز اسی فقرے سے کرتا ہوں کہ اس وقت کہاں سے بول رہا ہوں۔پر سلسلہ مضامین جو جاری ہے اس کا تعلق قرآنی دعاؤں سے ہے۔یعنی ان لوگوں کی دعاؤں سے جن کے متعلق ہم روزانہ سورہ فاتحہ میں یہ دعا کرتے ہیں کہ اے اللہ! ہمیں ان انعام یافتہ لوگوں کی راہ پر چلا۔چونکہ یہ ایک بہت مشکل راہ ہے اس لئے میں نے پہلے سے ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ اس راہ پر چلنا دعاؤں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں اور قرآن کریم نے خود ہی وہ سب دعائیں ہمیں سکھا دی ہیں جن دعاؤں کی مدد سے پہلے انعام یافتہ لوگوں نے یہ مشکل را ہیں طے کیں۔پس ان دعاؤں سے غافل رہ کر ہر نماز میں یہ دعا کرتے رہنا کہ اے خدا! ہمیں انعام یافتہ لوگوں کی راہ پر چلا کوئی معقول طریق نہیں ہے۔ایک طرف تو ایک بہت ہی مشکل راہ پر چلنے کی دعا مانگی جارہی ہے۔دوسری طرف ان لوگوں کی اداؤں سے پوری طرح ناواقف جن لوگوں نے اس سے پہلے ان