خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 465
خطبات طاہر جلد ۱۰ 465 خطبہ جمعہ ۳۱ رمئی ۱۹۹۱ء خدا سے عرض کرتے ہیں کہ اے خدا مجھے ایسے نیک اعمال ادا کرنے کی توفیق بخش کہ جن پر تیری نگاہیں پڑیں تو تو خوش ہو جائے کہ دیکھو میرا بندہ سلیمان کیسے اچھے کام کر رہا ہے۔کیسے نیک کاموں میں مصروف ہے اور مجھے خوش کرنا چاہتا ہے حضرت سلیمان عرض کرتے ہیں کہ اس رنگ میں تو مجھے دیکھے کہ تیری رضا کی نظریں مجھ پر پڑ رہی ہوں۔آپ کا کوئی بچہ آپ کو خوش کرنے کی کوشش کرتا ہو اور آپ کی مرضی کا کام کرے اور پھر بار بار دیکھے کہ آپ خوش ہوئے ہیں کہ نہیں اور آپ کے چہرے پر مسرت کے آثار دیکھے، خوشی کے آثار دیکھے،مسکراہٹ دیکھے، آنکھ میں پیار دیکھے تو اس کو کیسا مزا آئے گا پس حضرت سلیمان یہی عرض کر رہے ہیں۔کہتے ہیں کہ اے خدا تو فیق بخش کہ میں نیک کام کروں اور ایسے کام جن کو تو پسند کرتا ہو اور تیرے پیار کی نگاہیں مجھ پر پڑ رہی ہوں۔اور پھر میں کہوں کہ ہاں اب میں نے تیرا شکریہ ادا کیا ہے۔جس طرح تو نے مجھے راضی کیا میں نے بھی تجھے راضی کر دیا۔وَادْخِلْنِي بِرَحْمَتِكَ فِي عِبَادِكَ الصَّلِحِينَ اور مجھے اپنی خاص رحمت سے اپنے صالح بندوں میں داخل فرمالے۔ایسے بندوں میں جن کے متعلق تو یہ گواہی دیتا ہے کہ وہ صالح زندگی گزار نے والے تھے۔عام طور پر لوگ یہ سمجھتے ہیں اور قرآن کریم سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ نبی سب سے اونچی نعمت اس کے بعد صدیق، اس کے بعد شہید۔اس کے بعد صالح ، اور وہ سمجھتے ہیں صالح سب سے ادنی درجہ ہے اس لئے نبیوں سے نیچے کا مقام ہے لیکن یہ مطلب نہیں ہے کہ نبی صالح نہیں ہوتا۔یا نبی شہید نہیں ہوتا ، یا نبی صدیق نہیں ہوتا۔بلکہ نبی کے اندر بیک وقت یہ سارے عہدے شامل ہوتے ہیں، یہ سارے مرتبے اس کو اکٹھے نصیب ہوتے ہیں۔جوصرف صالح ہو وہ اوپر کا درجہ نہیں رکھتا جو اوپر کا درجہ رکھتا ہو یعنی شہید ہو، وہ صالح بھی ہوتا ہے۔پس انبیاء جانتے ہیں کہ انہیں ہمیشہ صالح رہنا پڑے گا اور اس لئے وہ عاجزی کے ساتھ خدا کے حضور یہ دعا کرتے رہتے ہیں کہ ہم تیری نظر میں صالح رہیں اور نہ ہم سے ایسے اعمال سرزد ہوں کہ تیرے ہاں ہم غیر صالح لکھے جائیں۔حضرت سلیمان ایک ایسے نبی ہیں جن پر یہود نے یعنی اس قوم نے جس پر حضرت سلیمان کے سب سے زیادہ احسان ہیں سب سے زیادہ ظلم کئے ہیں آج تک کسی احسان مند نے اپنے محسن کے خلاف ایسی ناشکری کا مظاہرہ نہیں کیا۔جتنا یہود نے حضرت سلیمان کے متعلق ناشکری کا مظاہرہ کیا ہے۔آپ بائبل میں یہ پڑھ کر حیران ہوں گے کہ نہ صرف یہ کہ حضرت سلیمان کو نبی تسلیم نہیں کیا۔