خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 603
خطبات ناصر جلد ششم ۶۰۳ خطبہ جمعہ ۱۹ نومبر ۱۹۷۶ء اجتماعات کے موقع پر ظاہر و باطنی پاکیزگی کے متعلق اسلام کی خصوصی تاکید خطبه جمعه فرمود ه ۱۹ نومبر ۱۹۷۶ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔گذشتہ جمعہ سے چند دن قبل انفلوئنزا کا بڑا سخت حملہ ہوا اب اللہ تعالیٰ نے فضل کیا اور اُس نے صحت دی ہے، اَلْحَمْدُ لِلهِ۔بیماری کی وجہ سے میں گذشتہ جمعہ کی نماز نہیں پڑھا سکا اور بعض ضروری باتیں جو میں نے جلسہ سالانہ کے متعلق آپ سے کرنی تھیں نہ کر سکا۔ایک ہفتے کی تاخیر کے بعد آج وہ باتیں کروں گا۔ہمارے اسلامی اجتماعات کے متعلق اللہ تعالیٰ کا یہ حکم ہے کہ ایسے مواقع پر طہارتِ ظاہری اور باطنی کا خاص طور پر خیال رکھا جائے یعنی اندرونی اور بیرونی پاکیزگی کی طرف توجہ کی جائے۔جہاں تک اندرونی روحانی پاکیزگی کا سوال ہے اس کے بغیر تو زندگی کا کوئی لطف ہی نہیں کیونکہ روحانی پاکیزگی کے بغیر اللہ تعالیٰ سے قرب کا وہ تعلق پیدا نہیں ہوسکتا جس کے لئے انسان کو پیدا کیا گیا ہے اور جس کے نتیجہ میں اُسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بے انتہا نعمتیں عطا ہوتی ہیں اور جس کے نتیجہ میں انسان اس دنیا میں امن اور خوشحالی کی زندگی گزارتا ہے۔اس زمانہ میں جب ہم دنیا پر نگاہ ڈالتے ہیں تو ہمارے دل میں یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ