خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 556 of 664

خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 556

خطبات ناصر جلد ششم خطبہ جمعہ ۲۲/اکتوبر ۱۹۷۶ء گوٹن برگ کی مسجد کا میں نے اس سال افتتاح کیا ہے۔گوٹن برگ سویڈن کا ایک بہت بڑا شہر ہے جو سمندر کے کنارے واقع ہے۔یہاں پر اللہ تعالیٰ نے بہت سے نامساعد حالات میں محض اپنے فضل ورحم کے ساتھ lease پر ہمیں ایک ایسا بڑا قطعہ دلوا دیا جو پہاڑ کی چوٹی پر ہے اور جس کا رقبہ ڈیڑھ ایکٹر ہے وہاں ہمارا گھر بنا ہے یعنی مشن ہاؤس اور اس کے ساتھ مسجد اور اس کے ساتھ بہت بڑا مسقف ایریا ہال اور لائبریری اور جو باہر سے آتے ہیں اُن کے لئے علاوہ رہائشی حصہ کے بیٹھنے کا کمرہ ، ڈرائنگ روم کے پیچھے ایک اور بھی بہت بڑا کمرہ ہے۔یہ سارے قبلہ رُخ ہیں۔نماز کے وقت اگر نمازی زیادہ ہوں مثلاً عید وغیرہ کے موقع پر تو یہ مسجد کے ساتھ کام آتے ہیں۔جب میں نے مسجد کا افتتاح کیا تو یہ سارے بھرے ہوئے تھے۔۲۰ /اگست کو افتتاح ہوا اس موقع پر جرمنی سے بھی ہمارے احمدی دوست آئے ہوئے تھے جرمنی میں بھی بہت بڑی جماعتیں ہیں یعنی بہت بڑی اُن ملکوں کے لحاظ سے۔ہمارے یہاں کی جماعت کے لحاظ سے نہیں۔ہمارا خیال ہے جرمنی میں اس وقت ایک ہزار احمدی ہوں گے کچھ بہت پرانے ہیں کچھ وہاں کے ہیں اور کچھ پچھلے سال کے اندر گئے ہیں ایک ہزار کے لگ بھگ ہیں بلکہ کم ہوں گے اوسلو میں اچھی خاصی بڑی جماعت بن گئی ہے۔بچوں کو ملا کر وہاں چار پانچ سواحمدی ہیں۔وہاں سے بھی دوست آئے ہوئے تھے انگلستان سے ہوائی جہازوں پر آئے تھے کچھ پاکستان سے گئے ہوئے تھے۔اُسی دن صبح پر یس کا نفرنس تھی وہاں کمال یوسف صاحب مشنری انچارج ہیں مشنری انچارج ہی انتظام کرتا ہے اُس نے کہا بیٹھ کر پر یس کا نفرنس ہوگی جس طرح ہم زمین پر بیٹھتے ہیں اُس طرح بیٹھ کر ہوگی میں نے سوچا اگر چہ ان لوگوں کو تکلیف ہوگی کیونکہ اُن کو کرسیوں پر بیٹھنے کی عادت ہے لیکن ہمارا جو معاشرہ ہے ہم اس کو کیوں چھوڑیں اس لئے میں نے کہا چلو ایسا ہی سہی۔چنانچہ میرے دوروں میں یہ پہلی کا نفرنس ہے جو بیٹھ کر ہوئی مسجد کے اندر اور وہاں اُنہوں نے خوب سوال کئے اور جواب سُنے۔اسلامی تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر میں نے روشنی ڈالی جس کا بہت چرچا ہوا۔وہاں کی ۴۰ اخباروں کے تراشے ہمارے پاس پہنچ چکے ہیں جن میں افتتاح کی خبریں دی گئی ہیں اور یہ بہت بڑی پبلسٹی ہے۔