خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 247 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 247

خطبات ناصر جلد پنجم ۲۴۷ خطبہ جمعہ ۲۷ جولائی ۱۹۷۳ء پس اسلام حسن سے بھرا پڑا ہے۔اسلام ان راہوں کی نشاندہی سے پر ہے جو خدا تعالیٰ کے قرب اس کے پیار اور رضا کے لئے ضروری ہیں لیکن ان راہوں پر چلنا ان کے حصول کے لئے قربانیاں دینا یہ ہمارا کام ہے۔آپ کے بعض بھائی قربانیوں میں آپ سے آگے بڑھ رہے ہیں آپ اپنے لئے قربانیوں کی مزید راہیں اور قربانیوں کی راہوں کو کشادہ کرنے کے مزید طریق اختیار کریں۔پیچھے نہ رہیں۔مومن کے دل میں قربانیوں کی راہ میں مسابقت کا جذ بہ ہوتا ہے۔قربانیاں دو۔ساری دنیا آپ کو مل جائے گی۔ایک اکیلا فرد تھا جس نے دعویٰ کیا کہ خدا نے مجھے مبعوث کیا ہے تا میں اسلام کو ساری دنیا پر غالب کروں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پیار کو ہر شخص کے دل میں گاڑ دوں خدا تعالیٰ نے کہا میں تیرے ساتھ ہوں۔خدا نے کہا میں تجھے نہیں چھوڑوں گا۔آج یہاں دیکھ لیں ابھی تک سارے لوگ نہیں آئے۔کسی وقت انگریز کہا کرتا تھا کہ ہماری کامن ویلتھ پر سورج غروب نہیں ہوتا۔اب تو سوچتا ہوں کہ شاید انگلستان میں سورج چڑھتا بھی نہیں۔غروب ہونے کا سوال تو بعد میں پیدا ہوتا ہے لیکن وہ جوا کیلا تھا اس کی آواز پھیلی بہت سے انسانوں کے دل میں اس کی محبت پیدا ہوئی۔اس وقت جہاں جہاں لوگ بس رہے ہیں اس کو دیکھ کر صرف جماعت احمد یہ ہی خدا تعالیٰ کے فضل سے دعوی کر سکتی ہے کہ جماعت احمدیہ پر کبھی سورج غروب نہیں ہوتا۔خدا کی شان ہے اس نے جو دعوے کئے تھے کچھ پورے ہو گئے اور کچھ مستقبل قریب میں پورے ہوں گے لیکن جو وعدے پورے ہو گئے انہوں نے ہمارے دل میں یہ یقین پیدا کیا کہ اللہ تعالیٰ نے مسیح موعود علیہ السلام کو اپنی خاص مصلحت کے مطابق اس زمانے کے لئے مبعوث کیا۔جماعت احمدیہ کے ذریعہ خدا تعالیٰ اسلام کو غالب کرنے والا ہے۔ہوسکتا ہے ہم سے کوئی ٹھوکر کھا جائے اور گر جائے۔یہ علیحدہ چیز ہے۔اس کی جگہ ایک اور قوم آگے آ جائے گی ایک اور نسل پیدا ہو جائے گی۔خدا تعالیٰ کا آسمانوں پر یہ فیصلہ ہے کہ وہ جماعت احمدیہ کے ذریعے اسلام کو ساری دنیا میں غالب کرے گا ہم اس وعدہ کو عملاً ظہور پذیر ہوتے ہوئے آج دیکھ رہے ہیں۔