خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 806
خطبات ناصر جلد اوّل 1+4 خطبہ جمعہ ۱۱ اگست ۱۹۶۷ء ہے کہ اسلام ایک عظیم الشان مذہب ہے اسلام نے صلح و آشتی کی جو تعلیم دی ہے اس کے مطابق تمام انبیاء سچے نبی تھے اور منجانب اللہ تھے اسی طرح جن مذاہب کی ان انبیاء نے تعلیم دی اور دنیا کے مختلف حصوں میں اپنی تعلیم رائج کی اور وہ مقبول ہوئی وہ اپنے محدود زمانہ تک قابل عمل رہی۔ان انبیاء میں سے کوئی ایک نبی بھی جھوٹا نہیں تھا۔خدا تعالیٰ کا یہ قانون ہے کہ کوئی جھوٹا نبی دنیا میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔خدا تعالیٰ کا قہر جھوٹے مدعی نبوت پر نازل ہوتا ہے وہ اسے تباہ و برباد کر دیتا ہے۔خدا تعالیٰ اس کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیتا ہے اور اس کے متبعین کو منتشر کر دیتا ہے اور جو انبیاء اپنے مشن میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے دنیا میں شہرت حاصل کی اور ایک عالم نے انہیں قبول کر لیا۔یقیناً وہ خدا تعالیٰ کے برحق فرستادہ تھے۔اسلام ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ ہم تمام انبیاء پر ایمان لائیں اور ان کا احترام کریں خواہ وہ بنی اسرائیل کی طرف بھیجے گئے ہوں یا دنیا کی کسی اور قوم کی طرف۔یہی وجہ ہے کہ آج ہم جب کسی مذہب کا انکار کرتے ہیں تو صرف اس کی موجودہ مسخ شدہ شکل اور محرف و مبدل تعلیم کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں۔آج سوائے اسلام کے اور کوئی مذہب ایسا نہیں ہے جو کہ اپنی صحیح تعلیم پیش کر سکتا ہو۔انسانی ہاتھوں کی دست برد سے یہ مذاہب محفوظ نہیں رہے اور پہلے مذاہب اپنے مذہبی نقطۂ نظر کے لحاظ سے صرف محدو دلوگوں کے لئے ہی تھے۔ان کا مقصد محدود وقت کے لئے سماجی و اخلاقی و روحانی ضروریات پوری کرنا تھا۔اس میں کوئی کلام نہیں کہ سابقہ انبیاء جنہیں ابتدا میں لاکھوں لوگوں نے صدیوں تک برحق نبی کے طور پر تسلیم کئے رکھا۔مسلمانوں کا دل ان سب کے لئے جذبۂ احترام و محبت سے معمور ہے۔کیونکہ ایک سچا مسلمان اس بات پر کامل یقین رکھتا ہے کہ جو مذہبی تعلیم ان انبیاء نے دی تھی وہ اپنی اصل شکل میں ہرگز ہرگز غلط نہ تھی مگر آج محض اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس کی حقیقی تعلیم بالکل محفوظ ہے اور خدا تعالیٰ نے ان الفاظ میں ابتدا سے ہی اس کا وعدہ فرمایا کہ إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِكرَ وَإِنَّا لَهُ لَحفِظُونَ۔( الحجر :١٠) کہ یہ شریعت ہم نے ہی نازل کی ہے اور ہم ہی اس کی یقیناً حفاظت کریں گے۔قرآن مجید کے لاکھوں نسخے دنیا میں پائے جاتے ہیں اور