خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 1013
خطبات ناصر جلد اول ۱۰۱۳ خطبہ جمعہ ۱۵؍ دسمبر ۱۹۶۷ء اور اب تم خدا کے عاشق بن جاؤ گے اور تمہارا زندہ تعلق اپنے رب کے ساتھ قائم ہو جائے گا اور جب تمہارا زندہ تعلق اپنے رب کے ساتھ قائم ہو جائے گا تو پھر ہر خوف اور باساء اور ضراء کی حالت میں اللہ تعالیٰ اپنی معجزانہ نصرتوں سے تمہاری مدد کرے گا معجزانہ تائیدات اور نشانات سے تمہاری مدد کرے گا اور جب تم اس طرح اپنے زندہ خدا کی زندہ قدرتوں کو اپنی زندگیوں میں مشاہدہ کرو گے تو تمہارے ایمان میں زندگی پیدا ہوگی اور مضبوطی پیدا ہوگی اور جب تمہارے ایمان اس شکل اور اس رنگ میں مضبوط اور زندہ ہو جائیں گے اس وقت تم اس بات کے مستحق ہو گے کہ ان تدخُلُوا الجَنَّةَ کہ تم خدا تعالیٰ کی رضا کی جنت میں داخل ہو جاؤ۔یہ نہ سمجھنا کہ اس زندہ اور مضبوط ایمان کے بغیر جو عشق الہی اور دعاؤں کے نتیجہ میں خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے بعد انسان کو حاصل ہوتا ہے کوئی شخص جنت میں جا سکتا ہے اَمْ حَسِبْتُمْ أَنْ تَدْخُلُوا الْجَنَّةَ کیا اس کے بغیر تم جنت میں جا سکتے ہو؟ ہر گز نہیں پس اپنے اندر ایک زندہ ، ایک مضبوط ایمان پیدا کرو اور ان راہوں کو اختیار کرو جن پر چل کر انسان اپنے ایمان کو مضبوط کرتا اور اس میں زندگی پیدا کرتا ہے اگر تم اس طرح صراط مستقیم کو اختیار کر کے اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی رحمت کو جذب کرنے میں کامیاب ہو گئے تو تم اللہ تعالیٰ کی رضا کی جنتوں میں بھی داخل ہو جاؤ گے۔رمضان کا مہینہ بھی ظاہری حالات میں سختی کا مہینہ ہے یہ ایک رضا کارانہ سختی ہے جسے ہم برداشت کرنے کے لئے (اپنے رب کے لئے تیار ہو جاتے ہیں ہم دن کو بھوکے رہتے ہیں راتوں کو جاگتے ہیں سردی میں اٹھتے ہیں کوئی دو بجے اٹھتا ہے کوئی تین بجے اور کوئی چار بجے جتنی جتنی توفیق کسی کو خدا تعالیٰ دیتا ہے وہ عبادت کرتا ہے۔بعض لوگ جو دن کے وقت محنت مزدوری کا کام کرتے ہیں وہ رات کے پہلے وقت میں نوافل ادا کرتے ہیں بہر حال رات کی سختی بھی ہے اور دن کی سختی بھی جو محنت مزدوری کرنے والے ہیں شاید آج کل انہیں کچھ بھوک بھی لگتی ہو اور اس لحاظ سے انہیں جسمانی کمزوری بھی محسوس ہوتی ہوگی اور ان کے دل میں یہ خوف بھی پیدا ہوتا ہوگا کہ کہیں ہم کسی دن مزدوری نہ کر سکیں ہم روز کماتے ہیں اور جو کماتے ہیں وہ روز کھاتے ہیں اس روز ہمارے بچے کیا کریں گے اور جو دماغی محنت کرنے والے ہیں وہ بھی روزہ میں دماغی ضعف