خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 798 of 906

خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 798

خطبات ناصر جلد دہم ۷۹۸ خطبہ نکاح ۵ را پریل ۱۹۷۹ء پوری کامیابی اسے حاصل ہونی چاہیے جو اپنی ساری قابلیتوں اور صلاحیتوں کو صحیح طور پر کام پر لگائے اور پوری توجہ کے ساتھ اپنی ساری استعدادوں سے کام لے رہا ہو۔اس سے ہمیں یہ پتہ لگا کہ خدا تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کے معنی ہی یہ ہیں کہ انسان اپنی تمام صلاحیتوں کو صحیح طور پر استعمال کرے۔قرآن کریم کا کوئی حکم ایسا نہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی اسوہ ہمارے سامنے ایسا نہیں جو انسان کی استعداد پر بوجھ ڈال رہا ہو، جو انسان کی استعداد کے مخالف ہو، جو انسان کی استعداد کی صحیح نشوونما کے بعد اس سے صحیح کام لینے والا نہ ہو۔تو خدا اور رسول کی اطاعت ہماری اپنی بھلائی ہے اور اس اطاعت کے نتیجہ میں وہ انسان جسے خدا تعالیٰ نے بہت بلندیوں کے لئے پیدا کیا ان بلندیوں تک پہنچ سکتا ہے۔اگر وہ خدا اور رسول کی اطاعت نہ کرے تو اپنے مقصودِ حیات کو حاصل نہیں کرسکتا۔یہ ذمہ داریاں ہیں اور طاقتیں جو انسان اپنی خرچ کرتا ہے ان کا ایک حصہ انسان کی ازدواجی زندگی سے تعلق رکھتا ہے اور اسلام نے ہمیں جو تعلیم دی ہے میاں بیوی کے تعلقات کے متعلق وہ اس زندگی میں حسن پیدا کرنے والی ہے۔ہر قسم کی لڑائی اور جھگڑوں کو دور کرنے والی ہے۔ہر قسم کی رنجشوں سے محفوظ کرنے والی ہے، ہر قسم کی پیار کی فضا کو پیدا کرنے والی ہے، ایسی فضا جس میں بچے پروان چڑھ کر خدا تعالیٰ کے فدائی بنتے اور اپنی کامیابیوں کے سامان پیدا کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس بنیادی نکتہ کے سمجھنے کی توفیق عطا کرے اور عورت اور مرد جب وہ اسلام کی طرف منسوب ہوں اور ازدواجی زندگی میں باندھے جائیں اسلامی تعلیم پر عمل کر کے اپنے گھروں کو بھی خوشحال بنانے والے اور اپنے ماحول میں بھی حسن پیدا کرنے والے اور انسانی زندگی میں بھی نور کو پھیلانے والے بنیں۔ایجاب وقبول کے بعد حضور انور نے ان رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے حاضرین سمیت دعا فرمائی۔روزنامه الفضل ربوه ۱۰ جون ۱۹۷۹ ء صفحه ۳، ۴)