خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 683
خطبات ناصر جلد دہم ۶۸۳ خطبہ نکاح ۱۹ اکتوبر ۱۹۷۴ء ابتلا اور امتحان انسان کو پاک کرنے کا موجب ہیں خطبہ نکاح فرموده ۱۹ اکتوبر ۱۹۷۴ء بمقام مسجد مبارک ربوه حضور انور نے بعد نماز عصر مسجد مبارک ربوہ میں از راه شفقت مکرم قریشی محمود الحسن سرگودھا کے صاحبزادہ کے نکاح کا اعلان فرمایا۔خطبہ مسنونہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔ان ایام میں جو ہم پر گذر رہے ہیں، قرآن کریم پر محکمہ اور تدبر کرنے اور قرآن کریم کی ہدایات پر عمل کرنے کی طرف پہلے سے زیادہ توجہ دینا ضروری ہے کیونکہ ابتلا اور امتحان انسان کو پاک کرنے کے لئے آتے ہیں اس لئے اللہ تعالیٰ نے پاک ہونے کے لئے ہمیں جو ہدائتیں دی ہیں ان کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے اعمال کو درست کرنا ضروری ہے۔اس وقت میں جس نکاح کا اعلان کروں گا وہ ان دو خاندانوں سے تعلق رکھتا ہے جو حالیہ فسادات میں بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔بچی کے والد گوجرانوالہ کے فسادات میں شہید ہو گئے ہیں اور بچے کے والد کی دکان اور مکان سرگودہا میں ۵ /اکتوبر کے فسادات میں ٹوٹے اور جلا دیئے گئے ہیں انہیں بھی اور ہمیں دعاؤں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور اس کی برکتوں اور اس کی رحمتوں کو جذب کرنے کی ضرورت ہے۔دوست بہت دعائیں کریں کہ جہاں اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کے ہر فرد کی پریشانیوں کو دور کرے وہاں ان گھرانوں کے لئے بھی خوشی اور خوشحالی اور روشن مستقبل کے سامان پیدا کرے۔