خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 655
خطبات ناصر جلد دہم خطبہ نکاح ۸ /دسمبر ۱۹۷۳ء واقف زندگی احمدی کی بچیاں ہماری دعاؤں کی مستحق ہیں خطبہ نکاح فرموده ۸ / دسمبر ۱۹۷۳ء بمقام مسجد مبارک ربوه حضور انور نے بعد نماز عصر از راہ شفقت دو نکاحوں کا اعلان فرمایا۔خطبہ مسنونہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔اس وقت میں اپنی جن دو عزیزہ بچیوں کی شادی کا اعلان کروں گا وہ مکرم کیپٹن ڈاکٹر عمر الدین صاحب سدھو ساکن ملتان کی صاحبزادیاں ہیں۔ڈاکٹر صاحب ساڑھے چارسال سے بطور’واقف زندگی ڈاکٹر بڑی کامیابی کے ساتھ اہل نائیجیریا کی خدمت کر رہے ہیں۔لیگوس ( نائیجیریا کے دارالخلافہ ) میں ہمارے ہیلتھ سنٹر کے انچارج ہیں بڑے اخلاص اور دعاؤں سے مریضوں کا علاج کرنے والے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ان کی دعاؤں میں قبولیت اور ان کے ہاتھ میں شفا بخشی ہے۔اللہ تعالیٰ انہیں احسن جزا عطا فرمائے۔ڈاکٹر صاحب کی بچیاں بوجہ اس کے کہ وہ واقف زندگی احمدی کی بچیاں ہیں۔ہماری دعاؤں کی مستحق ہیں۔اللہ تعالیٰ ان رشتوں کو ان کے لئے راحت اور خوشحالی کا موجب بنائے اور ان دونوں رشتوں کو ہر سہ خاندانوں کے لئے بھی بہت ہی بابرکت کرے۔یہ رشتے ڈاکٹر صاحب کے اپنے خاندان میں ایک بھتیجے اور دوسرا بھانجے کے ساتھ ) ہو رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ بہت ہی مبارک کرے۔