خطبات مسرور (جلد 10۔ 2012ء) — Page 343
خطبات مسرور جلد دہم 343 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ یکم جون 2012ء تکلیف سے گزرنا پڑ رہا ہو اس کے لئے دعا ضرور کرنی چاہئے۔اور خلیفہ وقت کو تو سب سے زیادہ ایسے حالات سے گزرنا پڑتا ہے جہاں وہ یہ دیکھتا ہے کہ کہیں مجھ سے کسی کو تکلیف تو نہیں پہنچ رہی ، کہیں میں جان بو جھ کر جتنی بھی اللہ تعالیٰ نے مجھے صلاحیت دی ہے اُس کے مطابق کسی سے بے انصافی کا باعث تو نہیں بن رہا۔میرے کسی عمل سے کسی کے گھر کا ناجائز طور پر سکون تو برباد نہیں ہورہا؟ اور پھر یہی نہیں بلکہ یہ بھی کہ ایسا طریق اختیار کیا جائے کہ اُس سے ہمدردی کا اظہار ہو، اُس کی بہتری کے سامان کئے جائیں، اس کی اصلاح کی صورت ہو۔یہ انصاف اور ہمدردی کے تقاضے ہیں جو خلیفہ وقت نے پورے کرنے ہوتے ہیں اور ظاہری اسباب کو سامنے رکھتے ہوئے خلیفہ وقت کا کام ہے کہ یہ تقاضے پورے کرے۔اور پھر جو نظام جماعت ہے، جو عہدیدار ہیں ، جو خلیفہ وقت کی طرف سے مقرر کئے جاتے ہیں ، اُن کا کام ہے کہ اس انصاف اور ہمدردی کے جذبے سے اپنے کام سر انجام دیں۔جو ایسا نہیں کرتے ، جان بوجھ کر اپنی ذمہ داری کا حق ادا نہیں کرتے ، وہ امانت میں خیانت کرنے والے ہیں اور یقیناً خدا تعالیٰ کے حضور پوچھے جائیں گے۔پس عہد یداران کے لئے بھی بڑے خوف کا مقام ہے۔جماعت کے عہدے دنیاوی مقاصد کے لئے نہیں ہوتے ، بلکہ اس جذبے کے تحت ہونے چاہئیں کہ ہم نے ایک پوزیشن میں آکر پہلے سے بڑھ کر افراد جماعت کی خدمت کرنی ہے اور اُن سے ہمدردی کرنی ہے اور اُن کی بہتری کی راہیں تلاش کرنی ہیں اور اُنہیں اپنے ساتھ لے کر چلنا ہے تا کہ جماعت کے مضبوط بندھن قائم ہوں اور جماعت کی ترقی کی رفتار تیز سے تیز تر ہو۔پس یہ ہمدردی کا جذبہ ہر عہدیدار میں پیدا ہونا چاہئے۔ہر جماعتی کارکن میں پیدا ہونا چاہئے۔جب عہدیداران کے اپنے نمونے قائم ہوں گے تو پھر ہی عہدیدار بھی اپنی خدمات کا حق ادا کرنے والے ہوں گے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ : " خادم القوم ہونا مخدوم بننے کی نشانی ہے۔“ ( مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 362 اشتہار ” التوائے جلسہ 27 دسمبر 1893ء اشتہار نمبر 117 مطبوعہ ربوہ ) یعنی قوم کے خادم بنیں گے تو پھر بزرگی اور سرداری اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملے گی۔اور یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہی ملتی ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمایا ہے کہ سَيِّدُ الْقَوْمِ خَادِمُهُمْ (کنز العمال في سنن الاقوال والافعال الجزء السادس صفحه 302 كتاب السفر من قسم الأقوال الفصل الثاني في آداب السفر الوداع حديث : 17513 مطبوعه دار الكتب العلميه بيروت 2004ء)