خطبات محمود (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 418 of 558

خطبات محمود (جلد 8) — Page 418

418 سیدھا ہونا ضروری قرار دیا ہے۔جب سے مسلمانوں نے ان احکام کی پروا نہ کی اور انہیں چھوٹا سمجھتے ہوئے ترک کر دیا اسی وقت سے انہیں زوال شروع ہو گیا۔مسلمانوں نے سلام اور صفوں کے ٹھیک کرنے کو معمولی حکم قرار دے کر ان کی کماحقہ نگہداشت نہ کی۔نتیجہ یہ ہوا کہ ان میں سے اخوت مٹ گئی اور جن حکموں کو انہوں نے چھوٹا سمجھ کر چھوڑ رکھا تھا وہی ان کے زوال کا باعث بن گئے کیونکہ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بڑے بڑے نتائج پیدا کرتی ہیں۔پس تم سلام کو چھوٹی اور معمولی بات سمجھ کر نہ چھوڑ دو بلکہ اس کی نگہداشت کرو کیونکہ یہ کوئی معمولی سی بات اور چھوٹا سا حکم نہیں بلکہ اخوت اسلامی کے قیام کے لئے ایک ضروری اور لابدی امر ہے شریعت نے اسے ایک شعار قرار دیا ہے۔پس چھوٹے اور بڑے بوڑھے اور بچے سب اس کی نگہداشت کریں وہ لوگ جو بڑے درجوں پر ہیں چھوٹوں کو سلام کریں۔یہ نہ ہو کہ وہ یہ خیال کر کے چپ رہیں کہ ہم بڑے ہیں چھوٹوں کو چاہیئے ہمیں سلام کہیں اور چھوٹے یہ خیال کر کے چپ رہیں کہ بڑے ہمیں سلام کریں جس کا نتیجہ یہ ہو کہ کوئی بھی ان میں سے سلام نہ کہے دونوں چپ چاپ گذر جائیں اور اخوت پیدا کرنے کی وہ غرض مفقود ہو جائے جس کے لئے سلام کو شریعت نے مقرر کیا ہے۔پس جب کبھی وہ لوگ جو بڑے درجوں پر متعین ہیں چھوٹے درجے کے لوگوں سے ملیں تو پہلے سلام کریں اور اس بات کا خیال نہ کریں کہ ہم بڑے میں ہمیں سلام نہیں کرنا چاہیئے چھوٹوں کو چاہیئے کہ ہمیں سلام کریں۔بلکہ میرے نزدیک انہیں سلام کرنے میں پہل کرنی چاہیئے۔اسی طرح جب ایک درجہ کے دو مومن ایک دوسرے کو دیکھیں تو دیکھنے کے ساتھ ہی سلام کریں یعنی جس کی پہلے پڑ جائے وہ سلام کے۔سلام کرنا اسلامی اخلاق میں سے ایک بہت بڑا خلق ہے اور یہ خلق ہماری جماعت کے ہر فرد میں پایا جانا چاہیئے۔کیونکہ یہ ایک ایسا قومی شعار ہے کہ جس کے مضبوط کرنے سے ہم میں اخوت اسلامی قائم رہ سکتی ہے پس میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے دوست سلام کہنے میں کو تاہی نہیں کریں گے۔اسلامی شعار کو اسی طرح ادا کریں گے جس طرح کہ صحابہ کے وقت ادا ہوتا تھا۔ولایت جانے کی غرض اور اخراجات دوسری بات جو وہ اپنے خط میں لکھتے ہیں وہ یہ ہے کہ وہ روپیہ جو آپ کے ولایت جانے پر خرچ ہو گا اگر اسی کو یتیم خانے پر لگا دیا جائے تو بہت اچھا ہو۔اول تو میں نے بتلایا ہے کہ ابھی جانے کی