خطبات محمود (جلد 5) — Page 410
خطبات محمود جلد (5) ۴۰۹ کے ساتھ گورنمنٹ کی وفاداری کے خیالات بٹھانے چاہئیں۔اور جس کو وہ غلطی سے آزادی سمجھتے ہیں۔حالانکہ وہ آزادی نہیں بلکہ نفس کی قید ہے اس سے انہیں آزاد کرنا چاہیئے۔آجکل جس کو آزادی کہا جاتا ہے۔وہ ایک سخت خطرناک قید ہے۔ان ملکوں کو دیکھو جہاں اس قسم کی آزادی پائی جاتی ہے۔اور ان کا گورنمنٹ برطانیہ سے مقابلہ کرو۔وہ ملک کیوں تباہ اور برباد ہو رہے ہیں۔اسی لئے کہ وہ ایک ناجائز بات کو آزادی قرار دے رہے ہیں۔اور ایک دوسرے کی بات نہیں مانتے جو جی چاہتا ہے کرتے ہیں۔کیا یہ آزادی کہلا سکتی ہے؟ ہرگز نہیں بلکہ یہ تو تباہی اور ہلاکت کے سامان ہیں۔لیکن چونکہ طلباء نوجوان ہوتے ہیں۔اور انہوں نے تازہ تازہ تاریخیں پڑھی ہوتی ہیں۔جن کے واقعات کو وہ اچھی طرح سمجھے نہیں ہوتے۔اس لئے جوش میں آکر ناروا باتوں کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔پس ہماری جماعت کے مدرسوں کا خصوصا اور دوسرے لوگوں کا عموما یہ فرض ہے کہ ایسے لوگوں کے خیالات کی اصلاح کرتے رہیں۔چونکہ ہمارا کام دین کی اشاعت ہے اور وہ وابستہ ہے گورنمنٹ برطانیہ سے اس لئے ہمارے لئے ضروری ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو گورنمنٹ کی مدد اور تائید کریں۔اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اس بات کی توفیق اور سمجھ دے کہ حضرت مسیح موعود کی باتوں کی تصدیق کرے۔اور ان کو پورا کر کے خُدا تعالیٰ کے انعامات حاصل کرنے کی اہل بنے۔آمین (الفضل ۶ / مارچ ۱۹۱۷ء)