خطبات محمود (جلد 37) — Page 540
$1956 540 خطبات محمود جلد نمبر 37 کوشش کرنی چاہیے کہ دشمن کو کوئی خوشی کا موقع نہ ملے اور اپنی قربانیوں سے اللہ تعالیٰ کے فضل کو اور زیادہ کھینچتے رہیں تا کہ اللہ تعالیٰ يَأْتِ اللهُ بِقَوْم کی بجائے يَأْتِ اللهُ بِاقْوَام کر دے اور ایک فرد کے بدلہ میں ایک ایک قوم کی بجائے کئی کئی اقوام کو ہماری طرف لے آئے۔غرض یہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے دن ہیں۔ان کو وسیع کرنے اور ان سے فائدہ اُٹھانے کی کوششیں کرو تا اللہ تعالیٰ تمہاری حقیر کوششوں کو قبول کر لے اور اپنے وسیع انعاموں کو وسیع تر کرتا جائے۔یاد رکھو! ہر شخص اپنی حیثیت کے مطابق ہی دیا کرتا ہے۔تم غریب اور کمزور ہو تم نے اپنی غربت اور کمزوری کے مطابق ہی قربانی کرنی ہے لیکن اللہ تعالیٰ واسع ہے اور رزاق ہے اُس نے اپنے واسع ہونے اور رزاق ہونے کے لحاظ سے انعام دینا ہے۔تم اگر اپنی غربت میں پانچ روپے دے سکتے ہو اور چھ دے دیتے ہو تو وہ اگر ایسے مواقع پر دس کروڑ دیا کرتا ہے کی تو دس ارب دے دے گا کیونکہ وہ واسع ہے اور رزاق ہے۔تم غریب اور مسکین ہو۔اگر غریبی مسکین اپنی طاقت سے زیادہ دیتا ہے تو خدا تعالی کے لیے تو اپنی طاقت سے زائد دینے کا سوال ہی نہیں۔وہ اپنے ادنیٰ سے ادنی آدمی کو بھی اتنا دے سکتا ہے جو دنیا کے بادشاہ اپنی ا انتہائی خوشنودی کے وقت بھی نہیں دیتے۔پس خدا تعالیٰ کے فضلوں کو جذب کرنے اور اس کی توجہ کو اپنی طرف رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ قربانیاں کرو۔پچھلے دنوں میں نے اپنے ایک خطبہ میں کہا تھا کہ ہندوستان میں جو کسی امریکن کتاب کا اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے اور اس میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہتک کی گئی ہے 2 اُس کا مقابلہ کرنے کا اصل طریق یہ تھا کہ اُس کتاب کا جواب دیا جاتا اور خصوصاً امریکہ اور ہندوستان میں شائع کیا جاتا۔اُس کا ایک حصہ تو تحقیقی جواب پر مشتمل ہوتا اور ایک حصہ الزامی جواب پر مشتمل ہوتا۔اللہ تعالیٰ نے ہمارے مبلغوں کو بہت حوصلہ اور ہمت دی ہوئی ہے۔میرا وہ خطبہ چھپا تو دیر سے ہے لیکن وہ کسی طرح امریکہ پہنچ گیا۔معلوم ہوتا ہے کسی نے تار کے ذریعہ یا ہوائی ڈاک کے ذریعہ اطلاع دے دی۔وہاں سے تار بھی آئی ہے اور آج خط بھی آ گیا ہے کہ ہم اس کتاب کا جواب لکھ رہے ہیں جس میں سے عیسائیوں کا حصہ مکمل کیا جا رہا ہے۔