خطبات محمود (جلد 37)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 328 of 643

خطبات محمود (جلد 37) — Page 328

$1956 328 خطبات محمود جلد نمبر 37 سوچتا ہے وہ دل میں سوچتا ہے۔میں نے سفر سے واپس آتے ہی دوستوں کو اپنی ایک رؤیا سنائی تھی۔اُس رویا میں بھی بعض لوگوں کی منافقت کی طرف ہی اشارہ تھا۔میں نے خواب میں ایک عورت کے متعلق دیکھا کہ اُس نے مجھ پر مسمریزم کا عمل کیا ہے اور اس کا اثر مجھ پر ہو گیا ہے۔لیکن جب میں اُس کی اس حرکت سے واقف ہو جاتا ہوں تو میں اُسے کہتا ہوں کہ تو نے میری بے خبری کے عالم میں مجھ پر مسمریزم کا عمل کیا تھا۔اب مجھے خبر ہو چکی ہے اور اب میں تیرا مقابلہ کروں گا۔تو مجھ پر عمل کر کے دیکھ لے۔پھر میں اُسے خواب میں ہی کہتا ہوں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بھی حدیث میں آتا ہے کہ حضرت عائشہ فرماتی ہیں آپ کھانا کھاتے اور بھول جاتے کہ آپ نے کھانا کھایا ہے یا نماز پڑھتے تو بھول جاتے کہ آپ نے نماز پڑھی ہے یا نہیں پڑھی۔حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ اُس جادو کا اثر تھا جو یہودیوں نے پر کیا تھا۔8 ہم جادو کے تو قائل نہیں۔ہاں! یہ ایک تدبیر تھی جو کی گئی اور مَكْرُ السَّيِّئَة بھی ایک قسم کا جادو ہی ہوتا ہے۔خواب میں میں نے اُس عورت سے یہی کہا کہ تو مجھ پر اب جادو کرے تو جانوں۔چنانچہ اس نے مجھ پر توجہ کی تو اُس کا کوئی اثر نہ ہوا۔اس کے بعد میں نے اُس کی اُنگلی پر توجہ کی تو وہ اکڑ گئی۔پھر ایک مرد آیا اور اُس نے اُس کی اس انگلی کو ٹھیک کرنا چاہا لیکن وہ ٹھیک نہ ہوئی۔میں نے اُس مرد سے خواب میں کہا کہ اب یہ انگلی ٹھیک نہیں ہو گی۔اُس عورت نے بے خبری کے عالم میں مجھ پر توجہ کر لی تھی۔اب مجھے علم ہو گیا ہے۔اب میں نے بھی اس پر توجہ کی ہے اور تم میں یہ طاقت نہیں کہ میری توجہ کے اثر کو زائل کر سکو۔سو ان لوگوں نے بھی میرے ولایت جانے کو غنیمت جانا اور خیال کیا کہ اب خلیفہ کی باہر ہے ہم جو چاہیں کر سکتے ہیں۔لیکن ان بیوقوفوں نے یہ نہ جانا کہ خدا تعالیٰ میرے ساتھ ہے۔یہ لوگ باوجود ارادہ کے میری غیر حاضری میں کچھ نہ کر سکے۔بلکہ ان کی شرارت کا وقت کھسکتے کھسکتے میری واپسی تک آ گیا۔چنانچہ جو گواہیاں ملی ہیں وہ بتاتی ہیں کہ بات دراصل اُس وقت شروع ہو گئی تھی جب میں ولایت گیا تھا لیکن وہ نکلی اُس وقت جب میں واپس آ گیا تا اگر کوئی کارروائی کی جائے تو میرا وجود اور میری دعائیں بھی اس کے ساتھ شامل ہوں۔